راولپنڈی(اپنےرپورٹر سے) راولپنڈی میں دس برسوں کے بعدپہلا مشتبہ پولیو کیس سامنے آ گیا ۔کیس نیو چاکرہ کے علاقے میں سامنے آیا ہےجہاں ایک تیرہ ماہ کی بچی میں پولیو ویکسین سے ماخوذ پولیو وائرس (وی ڈی پی وی) (Vaccine-derived Polio Virus ) پایا گیا ۔ 13 ماہ کی عائشہ بی بی ولد ظہور خان وی ڈی پی وی سے متاثر ہوئی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ثروت علی کی سربراہی میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم انکوائری کر رہی ہے اور اگلے 60 دن تک بچی کو مشاہدہ میں رکھا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوارالحق نے پولیو کیس کانوٹس لیتے ہوئے ضلعی محکمہ صحت سے کہا ہے کہ وہ علاقے میں ویکسین دینے والوں کا کردار چیک کریں اور اسے علاقے میں ہونے والے کریش ڈرائیو کی اطلاع جلد پیش کریں ۔یہ پولیو وائلڈ وائرس کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اسے وی ڈی پی وی کہا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سہیل احمد نے بتایا کہ 13 ماہ کی عائشہ بی بی کا معاملہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال راجہ بازار نے 19 جنوری کو بتایا تھا۔ کیس کو فوری قرار دے کر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو بھجوا دیا گیا اور حتمی نتیجہ کا منتظر تھا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب اور ڈبلیو ایچ او کے ماہرین نے الگ الگ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا جلد یونین کونسل گرجا اور چک جلال دین میں تمام بچوں کو انسداد پولیو ویکسینیشن کریں گے ۔ویکسینیشن سپلائی کا انتظار کر رہے ہیں۔نیوچاکرہ کا علاقہ یونین کونسل گرجا میں واقع ہے ۔یو سی کی مجموعی آبادی 43ہزار253 ہے ، یہ نیم شہری یونین کونسل ہے اور زیادہ تر پختون لوگ آباد ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پرکے پی کے سے لوگوں کا آنا اور جانا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ذرائع کے مطابق عائشہ بی بی والے گھر میں ایک اورتین برس کا بچہ بھی ہے جس کے بارے کہا جارہا ہے کہ اس کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مکمل نہیں ہے۔ہیلتھ اتھارٹی ذرائع کے مطابق جعلی ای پی آئی کارڈ کے معاملہ پر علاقے کے ایک عطائی کلینک کو بھی سیل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ 10 سال سے راولپنڈی پولیو سے پاک قرار دیا گیا تھا۔ راولپنڈی میں ، 2010 میں پولیو کا صرف ایک کیس سامنے آیا تھا۔ یونین کونسل چونترہ کا شاہ زیب ولد عبدالطیف پولیو وائرس سے متاثر ہوا تھا۔ 2009 میں پیر ودھائی کے علاقے فوجی کالونی سے تعلق رکھنے والی پانچ سالہ آسیہ بی بی کی بائیں ٹانگ بھی متاثر ہوئی تھی۔