• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیرتعلیم سے قبائلی اضلاع کے ممبران صوبائی اسمبلی کی ملاقات

پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، بچوں کے روشن مستقبل اور ان اضلاع کو صوبے کے دوسرے اضلاع کے برابر لانے کے لیے صوبائی حکومت شب و روز محنت کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں تعلیمی میدان میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کرنے کے لئے رواں سال جون تک ان اضلاع میں 4500 اساتذہ کو بھرتی کروا لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں نئے ضم شدہ اضلاع سے منتخب ممبران اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ممبران صوبائی اسمبلی انور زیب خان، انجینئر اجمل خان، شفیق آفریدی، میاں اقبال، نصیر وزیر، اقبال وزیر، انیتا محسود، عائشہ مہمند اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا سفر تیزی کے ساتھ رواں دواں ہیں جس کے لیے صوبائی حکومت مختلف حکمت عملی اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ان اضلاع کے سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے لیے ماہانہ ہزار روپے کے وظیفے کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا جس سے بچوں سے مزدوری کروانے کے رواج کا سد باب ہو گا اور زیادہ سے زیادہ بچے سکولوں کا رخ کریں گے۔
تازہ ترین