• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صف اول کے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کی جیو ٹی وی کیساتھ خصوصی وابستگی

صف اول کے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی جیو ٹی وی کیساتھ خصوصی وابستگی


کراچی (جنگ نیوز) ناظرین کےلیے بڑی خوشخبری!! پاکستان میں صفِ اوّل کے ڈرامہ نگار، فلم رائٹر، اداکار، شاعر اور ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ’’جیو ٹی وی‘‘ سے وابستہ ہوگئے ہیں، وہ ایک سال کے دوران خصوصی (Exclusive) طور پر جیو انٹرٹینمنٹ کے لیے چار ڈرامے اور فیچر فلم تحریر کریں گے۔ اِن میں سے پہلا پروجیکٹ ’’گاڈ از گریٹ‘‘ جلد آن ایئر کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ خلیل الرحمٰن قمر اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے سربراہ، شوبز کی دنیا کے ممتاز پروڈیوسرز، جیو انٹرٹینمنٹ ہولڈنگز کے گروپ منیجنگ ڈائریکٹر عبداللّٰہ کادوانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر اسد قریشی کے درمیان ہوا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے صفِ اوّل کے رائٹر خلیل الرحمٰن قمر کا سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ حال ہی میں دِل چھو لینے والے ڈائیلاگز اور منفرد کہانی کی بدولت دُنیا بھر میں تہلکہ مچا چکاہے جس کی بازگشت اب تک سنی جارہی ہے جبکہ ’’جیو انٹرٹینمنٹ‘‘ پر آن ایئر ہونے والے اُن کے سیریل ’’محبت تم سے نفرت ہے‘‘ نے ناظرین کو اب تک اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔

شائقین کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ ’’جیو انٹرٹیمنٹ‘‘ پر خلیل الرحمٰن قمر کا پہلا پروجیکٹ ’’God is Great‘‘ کے نام سے جلد منظر عام پر  آکر دھوم مچائے گا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے بھی پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل سے وابستگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اُن کا زیادہ تر کام اور توجہ صرف اور صرف ’’جیو‘‘ کے لئے ہوگی۔

واضح رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر اب تک کئی ایوارڈز اپنے نام کرچکے ہیں، اُن کے قلم سے لکھا گیا ہر لفظ لوگوں کے دِلوں میں گھر بنا لیتا اور اِن کے تقریباً تمام ہی ڈرامے اُن کے نام کا ڈنکا بجا رہے ہیں۔ بچپن سے لکھنے کا شوق رکھنے والے خلیل الرحمٰن جیو ٹی وی کے لئے ’’بیوپار، منجلی، تمہیں کچھ یاد ہے جاناں اور محبت تم سے نفرت ہے‘‘ جیسے عظیم شاہکار سیریلز لکھ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ’’صدقے تمہارے، میرا نام یوسف ہے اور میرے پاس تم ہو‘‘ جیسے کئی شاہکار اُن کے کریڈٹ پر ہیں۔ خلیل الرحمان قمر نے فلم انڈسٹری کے لیے بھی کئی سپر ہٹ فلمیں تحریر کی ہیں جس میں فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ سب سے نمایاں ہے۔

واضح رہے کہ دُنیا بھر میں پھیلے کروڑوں ناظرین کا پسندیدہ چینل ’’جیو انٹرٹینمنٹ ‘‘ اس وقت دیکھنے والوں کی نگاہ کا مرکز بنا ہوا ہے کیونکہ کامیڈی، طنز و مزاح، رومانس، سنجیدگی، ہنسی مذاق، قہقہے، جوش، جذبات، خوف، احساسات، انتقام اور دِل چھو لینے والے اور حساس موضوعات پر مشتمل سیریل اب تک عوام کے ذہنوں پر نقش ہیں۔

ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے نامور مصنف کے جیو سے وابستہ ہو جانے کے بعد ناظرین کے دِل کی دھڑکنیں مزید تیز ہوگئی ہیں کیونکہ اب ناظرین خلیل الرحمان قمر کے قلم سے لکھے گئے دِل چھو لینے والے سیریلز دیکھ کر مزید لطف اندوز ہوں گے۔

تازہ ترین