بین الاقوامی شہرت یافتہ برٹش پاکستانی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کی اوپیرا دھمال پر شاندار پرفارمنس پر وفاقی وزیر بھی جھوم اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیرِ اہتمام سائرہ پیٹر کے اعزاز میں ’صوفی اوپیرا لائیو کنسرٹ‘ کا انعقاد پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے مختلف زبانوں میں اوپیرا موسیقی میں آواز کا جادو جگایا، شائقین موسیقی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ موسیقی کی خصوصی محفل ستارۂ امتیاز 2026ء کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی اور سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ بھی موجود تھے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ برٹش پاکستانی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اپنی پُراثر آواز اور منفرد فنِ گائیکی سے حاضرین کو مسحور کیا۔
انہوں نے مغربی اوپیرا اور صوفی موسیقی کا حسین امتزاج پیش کیا، جس کے ذریعے پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے، موسیقی کے تنوع اور فنکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔
سائرہ پیٹر کی دلکش پُرفارمنس کو حاضرین نے بے حد سراہا اور بھرپور داد دی، ان کی پیشکش نے مغربی اور مشرقی موسیقی کے خوبصورت امتزاج کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگی اور گہرائی کو نمایاں کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کلچر اورنگزیب خان کھچی کا کہنا ہے کہ یہ تقریب پی این سی اے کے اس عزم کا مظہر ہے کہ ملک میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا جائے اور پاکستانی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مؤثر مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے سائرہ پیٹر کو ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
کنسرٹ میں سائرہ پیٹر کی بین الاقوامی پرفارمنس پر مبنی شو ریل توجہ کا مرکز بن گئی۔
سائرہ پیٹر نے اپنی گفتگو میں اورنگزیب خان کھچی، سابق وفاقی وزیر جمال شاہ اور پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل ایوب جمالی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت کی شکر گزار ہوں کہ مجھے ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب کیا گیا، میں لندن میں رہتی ہوں، لیکن میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے، کیونکہ میں نے اسی سر زمین پر جنم لیا ہے۔