کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ ہمارے کیسز نے ثابت کردیا کہ حکومتی احتسابی عمل کھوکھلے ہیں، نیب ہماری ساکھ کو خراب کرتا ہے،پارٹی کے اندر مختلف سوچ کا ہونا جمہوریت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں شکریہ ادا کروں گا پاکستان کے عوام کا اور میڈیا کا جس نے میری اور شاہد خاقان کے مقدمات میں اور گرفتاری پر جس طرح ہمارا مقدمہ لڑا ہے جس طرح ہماری بے گناہی کی آواز اٹھائی ہے ہم شکر گزار ہیں، ہمارے دونوں کیسز نے ثابت کر دیا حکومتی احتسابی عمل کھوکھلے ہیں اور سیاسی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے اور جس انداز میں ٹرائل ضمانت کا ہوا اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب پورے طور پر ایکسپوز ہوگیا کوئی جواب نہیں دے سکا ۔ایک انٹرویو میں احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ میں نے جج صاحب کے سامنے نیب سے سوال کیا مجھ پر کوئی کک بیک کوئی کمیشن کوئی فنانشل پرپوریشن کا الزام ہے تو نیب نے کہا وہ الزام نہیں ہے مجھ پر الزام لگایا گیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے اور ناروال اسپورٹس سٹی کے منصوبے کو آگے بڑھایا ہے یافنڈ جاری کیے ہیں پلاننگ منسٹری سے میں نے ان سے کہا کہ کیا پاکستان میں کھیلوں کا انفراسٹریکچر کم ہے یا زیادہ ہے یا نہ ہونے کے برابر ہے اگر نہ ہونے کے برابر ہے تو کھیلوں کا جدید انفراسٹریکچر بنا ہے جس کی منظوری پہلے دی جاچکی تھی یوسف رضا گیلانی حکومت میں یہ ادھورا پڑا تھا ہم نے اس ادھورے منصوبے کو مکمل کیا تو کیا یہ گناہ کیا یا اچھا کیا۔