• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرکائیوز کی ڈیجیٹلائزیشن کے پھیلاؤ کی بدولت آج ہمارے پاس ہزاروں آن لائن کتب خانے موجود ہیں، جہاں ویژول، آڈیو، ویڈیوبکس، نقشوں اور دستاویزی فلموں کی وسیع رینج خاص ترتیب سے موضوع وار دستیاب ہے۔ چنانچہ دنیا بھر کی تعلیمی درسگاہوں، تحقیقی مراکز اور کتب خانوں میں کاغذی کتابوں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل بکس کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے ماہرین تعمیرات کتب خانوں کی عمارتوں کو ماحول دوست ڈیزائن کے مطابق بنارہے ہیں تاکہ برقی آلات کی حدت کو کنٹرول کرسکیں۔ آج کے مضمون میں ہم ایسے ہی منفرد اور دیدہ زیب تعمیراتی ڈیزائن والے چند کتب خانوں کا ذکر کررہے ہیں۔

اوڈی ہیلسنکی سینٹرل لائبریری، فن لینڈ

ایک لاکھ 85ہزار774مربع فٹ رقبے پر پھیلی اس عمارت کا ڈیزائن بحری جہاز کی طرح سا مسحورکن بنایا گیا ہے۔ اوڈی ہیلسنکی سینٹرل لائبریری (Oodi Helsinki Central Library)میں باہر کی جانب صنوبر کی لکڑی کے تختے لگائے گئے ہیں۔ اس کا ڈیزائن مقامی آرکیٹیکٹ فرم ALAنے بنایا ہے۔ چھت کا ڈیزائن برف کے تودے یعنی آئس برگ سے مماثل ہے۔ لائبریری کے دیگر دو لیول بیرونی پلازہ سے شروع ہوکرخمدار انداز میں ایک سیریز کی طرح ایک دوسرے سے مل جاتے ہیں۔ درمیان میں خالی جگہوں کو عوام کی چہل قدمی اور تفریح کے لیےتیار کیا گیا ہے۔

کیلگری سینٹرل لائبریری، کیلگری

کینیڈا کےعلاقےکیلگری (Calgary)کی نئی سنٹرل لائبریری شہرمیں تیزی سے بڑھتے ہوئے کتب بینی کے شوق کو فروغ دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔245ملین ڈالر کا یہ منصوبہ ناروے اور کینیڈاکی آرکیٹیکچر فرمز سنوہٹیٹا اور ڈائیلاگ کاتعمیراتی شاہکار ہے، جسے محرابی طرز تعمیر کا منفرد نمونہ کہا جاتا ہے۔ عمارت کو باہر سے دیکھیں گے تو بادبان اور خیمے کا سماں دکھائی دے گا اور اندر جائیں گے تو محرابی، گول اور انڈے کی ساخت پر مبنی ایسا آرکیٹیکچر نظر آئے گا جسے آپ ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز کہیں تو بیجا نہ ہوگا۔ اس تین منزلہ لائبریری کو ڈیجیٹل میڈیاسے تعلق رکھنے والی تمام سرگرمیوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

قطر نیشنل لائبریری ، دوحہ

قطر نیشنل لائبریری کے تعمیراتی ڈیزائن کی حیران کن خوبی یہ ہے کہ اس کے داخلی راستے سےاندر آتے ہی 4لاکھ85ہزارمربع فٹ کے وسیع و کشادہ مرکزی ہال کو دیکھا جاسکتا ہے، جو ڈچ تعمیراتی فرم او ایم اےکی تخلیقی کاوش ہے۔ اس کا طرزتعمیر بھی خمیدہ ہے جو موجودہ جیومیٹریکل اشکال کا تسلسل ہے۔ دوحہ کی نیشنل لائبریری، پبلک لائبریری اور یونیورسٹی لائبریری کی ایک ملین سے زیادہ کتب کے ساتھ لائبریری کو لفٹ اورایسکلیٹرسے اس طرح جوڑا گیا ہے کہ لوگ بآسانی تمام کتب تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی چھ میٹر گہرے شیشے کےفریم میں تاریخی نوادرات رکھ کر عجائب گھر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

جیمز بی ہنٹ جونیئر لائبریری ، شمالی کیرولینا

2013ء میںتعمیر کردہ شمالی کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی کی اس نئی ہنٹ لائبریری کو معروف تعمیر ساز فرم سنوشیٹا نے حیرت انگیز ڈیزائن اور متحرک ٹیکنالوجی کے استعمال سے بنایا ہے۔ پوری عمارت میں لگے انٹرایکٹو ڈیجیٹل سرفیسز، ایچ ڈی ویڈیو ڈسپلے اسکرینز اور ویڈیو گیم ڈویلپمنٹ لیب اسےڈیجیٹل لائبریری کا مرتبہ فراہم کرتے ہیں۔ اسے ماحول دوست عمارت بنانے اور اندرونی آب و ہوا کو کنٹرول کرنے کے لئے چھت پر شمسی پینل لگائے گئے ہیں۔ عمارت کا مستطیل اور خمیدہ ڈیزائن اسے دیگر کتب خانوں کے مقابلے میں انفرادیت عطا کرتا ہے۔ کتاب کی تلاش آٹومیٹک سسٹم سے ممکن بنائی گئی ہے۔

تازہ ترین