پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا ہے۔ معین علی اور شان مسعود نے بالترتیب 65 اور 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، معین علی اور ذیشان اشرف نے ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کی شروعات کیں اور 31 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
ذیشان اشرف 13 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیل کر معین علی کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد کپتان شان مسعود بیٹنگ کے لیے آئے اور معین علی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز جوڑکر ٹیم کا اسکور 102 تک پہنچایا، معین علی 42 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ریلی روسو صرف 8 رنز بناسکےجبکہ شان مسعود 42 گیندوں پر 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اُن کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
باقی آنے والے بیٹسمین قابل ذکر اسکور نہ کرسکے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جاب سے محمد عامر اور کرس جارڈن نے دو، دو جبکہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔