کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی تربت شہر میں مختلف اشیاء بنانے اور فروخت کرنے والے مراکز کی چیکنگ، اشیاء کے معیار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے معائنہ ٹیم نے زنگ آلود مشینری، مضرصحت و ناقص پانی سے برف بنانے پر ایک آئس فیکٹری کو 30 ہزار روپے جرمانہ کیا ۔مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج کریم اور اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات طارق علی کے ہمراہ علاقے میں قائم ہوٹلز،جنرل اسٹورز، فوڈ پوائنٹس، منرل واٹر پلانٹس اور میٹ شاپس سمیت دیگر کھانے پینے کے مختلف مراکز کا بھی معائنہ کیا۔ دوران معائنہ تین ہوٹلز کو صفائی کی ابتر صورتحال، کچن ایریا میں گندگی، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور غیر معیاری کھانوں کی تیاری و فروخت پر دس ہزار روپے جبکہ ایک فوڈ کارنر کو دو ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے آئس فیکٹریز مالکان کو ہدایت کی کہ برف کی تیاری میں صاف و محفوظ پانی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے،برف کو جلدی جمانے کے لئے کیمیکل یا مضر صحت اجزاءکے استعمال سے اجتناب کیا جائے اور برف بنانے کے لئے مشینری و برف کی منتقلی کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیاں صاف اور زنگ سے پاک رکھی جائے۔فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے مذکورہ کھانے پینے کے مراکز کے مالکان و ورکرز کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء کی پروڈکشن اور فروخت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی جبکہ اس حوالے سے انہیں خصوصی ہدایت نامے بھی دیئے گئے ۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نگہت دین کے ہمراہ فوڈ اتھارٹی حکام نے ڈپٹی کمشنر الیاس کبزئی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اولین مقصد لوگوں کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، اس حوالے سے غیر قانونی عمل میں ملوث پائے جانے اور حفظان صحت کے اصولوں کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کو جرمانہ کرنے کے ساتھ ان کی دکانوں اور فیکٹریوں وغیرہ کو سیل بھی کیا جا رہا ہے ،جسے ڈپٹی کمشنر نے انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات سے یقیناً کھانے پینے کی اشیاء کا معیار بہتر ہوگا اور لوگوں کو معیاری اور محفوظ خوراک میسر آ سکے گی۔