روہڑی میں ٹرین اور مسافر بس کے تصادم میں جاں بحق 12 افرادکی شناخت کرلی گئی ہے، 9میتوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
روہڑی کے قریب ریلوے کراسنگ کے مقام پر گزشتہ شب پیش آنے والے ٹرین اور کوچ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 19 افراد میں سے 12 کی شناخت کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق کراچی، خوشاب، سوات، خیرپور کے علاقوں سے ہے، 7 میتوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل کےمطابق حادثے کے 26 زخمی اس وقت سکھر، روہڑی اور پنوعاقل اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، جبکہ ہلاک شدگان کی میتیں ان کےآبائی علاقوں کی طرف روانہ کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی معلومات کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی دےدیئے ہیں اور سرگودھامیں بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں ہیلپ لائن ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، ٹریک پر سے کوچ کا ملبہ ہٹا دیا گیا ہے جس کے بعد اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال ہوگئی ہے۔