• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے واپسی کا کہا تو حکومت کے ہاتھ پیر پھول جائینگے، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف بہت خود دار انسان ہیں، اگر حکومت نے ان کی صحت کے بارے کوئی بات کی تو وہ پاکستان واپس آنے کا کہہ دینگے جس سے حکومت کے ہاتھ پیر پھول جائینگے، ن لیگ میں اختلاف نہیں۔ 

جیو نیوز کے پروگرام جیو پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جج کے فیصلے کی سیاہی خشک نہیں ہوئی کہ نیب نے اگلے دن بلا لیا، کاش نیب کی یہ پھرتیاں آٹا چینی مافیا کے خلاف بھی ہوتیں مگر سارے مافیا وزیراعظم کی چھتری تلے بیٹھے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم نہ کرنے کی ذمہ داری کسی حد تک ہم پر ہے لیکن عمران خان نیب قانون میں ترمیم نہیں ہونے دینگے۔ 

احسن اقبال نے مزیدکہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ تقسیم کرنے والا لیڈر ہے، عمران خان فارن فنڈگ کیس میں کلین کیوں نہیں بنتے؟

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے پاکستان پر اسٹریٹجک پروگرام کمپرومائز کرنے کا دباؤ ڈالا جائے گا، واحد راستہ نیشنل ڈائیلاگ کے ذریعے 10 سال کے روڈ میپ پر اتفاق کرنا ہے۔

تازہ ترین