پشاور(گلزار محمد خان )’’ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان کی جان کو شدید خطرہ ہے اس لئے وہ اپنی سرگرمیاں محدود کرکے اپنے ساتھ اور گھر پر سکیورٹی کا انتظام کریں‘‘ اس بات کا انکشاف ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو جاری کردہ ایڈوائزری نوٹس میں کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کی جانب سے ارسال کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دہشت گردوں کے نشانہ پر ہیں اس لئے ان کی جان کو خطرہ ہے چنانچہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نہ صرف اپنی سرگرمیاں اور نقل و حمل محدود بلکہ انہیں خفیہ رکھیں۔
ایڈوائزری نوٹس میں جے یو آئی کے قائد کو اپنی سکیورٹی کیساتھ شورکوٹ اور عبدالخیل میں اپنےبنگلوں کی حفاظت کیلئے پرائیویٹ سکیورٹی کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح رات کو گھر کے دروازے بند اورسفر سے گریز کرتے ہوئے گھروں پر سی سی ٹی و ی کیمروں کا بھی انتظام کریں‘‘ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان پر پہلے بھی کوئٹہ، چارسدہ اور صوابی میں خودکش حملے ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے ترجمان حاجی عبدالجلیل جان نےسکیورٹی ایڈوائزری نوٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف سکیورٹی ایڈوائزری بھجوارہی ہے اوردوسری طرف اس نے مولانا فضل الرحمان سے سکیورٹی واپس لی ہے ۔