• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف نے درد کا بہانہ بنایا ،عدالتی فیصلے میں کوئی ابہام نہیں،اعتزاز

لاہور (وقائع نگار خصوصی )پیپلز پارٹی کے رہنما  سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سابق صدر مشرف نے کمر درد کا بہانہ بنایا تھا، دبئی اترتے ہی اب انہوں نے چھلانگیں مارنا شروع کر دیں،ہوسکتا ہے کہ پرویز مشرف کے معاملہ پرکوئی  توڈیل ہوئی ہو، یہ  کیسا کمر کا درد تھا جو دبئی پہنچتے ہی ٹھیک ہو گیا، ہم تو چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے لیکن اس کے اپنے چلن ایسے ہیں کہ یہ اپنی مدت پوری کرتی ہوئی نظر نہیں آتی، آصف علی زرداری ضرور واپس آئیں گے، بلاول بھٹو زرداری پورے پنجاب کا دورہ کریں گے، پرویز مشرف کے معاملے پر سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ دو ٹوک ، واضح اور غیر مبہم ہے جس میں کہاگیا ہے کہ عدالت نے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور باہر جانے کی اجازت نہیں دی تھی، وزیراعلیٰ پنجاب لاہور شہر میں سرکاری نلکوں میں آنیوالا پانی میڈیا کے سامنے خود یا اپنے کسی بچے کو پلاکر دکھادیں میں اپنی جیب سے ان کے چیریٹی فنڈ میں 20لاکھ روپے جمع کراؤں گا۔ یہ باتیں انہوں نے  لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر زاہد ذوالفقار، شوکت علی جاوید، طیب جان ایڈووکیٹ اور میاں اسلم سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے جبکہ حلقہ این اے 124کوٹلی پیر عبدالرحمن کے رہائشیوں کی بڑی تعداد ہاتھوں میں سرکاری پانی  سے   بھری  بوتلیں اٹھائے بھی  موجود تھی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ لاہور شہر میں میٹرو بسیں اور میٹرو ٹرینیں تو چلائی جارہی ہیں لیکن شہریوں کو پینے کے صاف پانی، صحت سمیت دیگر سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے سرکاری نلکے سے بھری جانیوالی پانی کی بوتلیں دکھاتے ہوئے کہا کہ اس میں سیوریج کا پانی اور غلاظت ملی ہوئی ہے اور اس پانی کو پینا تو درکنار اس سے کپڑے بھی نہیں دھوئے جاسکتے۔ حکمران خود منرل واٹر پیتے ہیں اور عوام کو سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیحات ہی غلط ہیں۔
تازہ ترین