آج جب وہ سودا سلف خریدنےنکلی، تو تین سالہ زرمینہ بھی ساتھ ہولی۔سردیوں کے دن تھےاوراچانک ہی برف باری بھی شروع ہوگئی۔ اسٹور پہنچنے پر اس نے جلدی جلدی ضرورت کی چیزیں ٹرالی میں ڈالیں اور بِل بنواکر باہر نکل آئی۔ وہ جلد از جلد گھر پہنچنا چاہتی تھی۔ تیز تیز قدم اٹھاتی، اسٹالر کو دھکیلتی آگے بڑھنے لگی، لانگ کوٹ کی کیپ بھی سر پر لے لی کہ سردی جیسے بدن کو چیر رہی تھی۔ گھر کے یارڈ تک پہنچتے پہنچتے برف باری اور بھی تیز ہوچکی تھی، اس نے مرکزی دروازےکا لاک کھولنے کے لیے جیبیں ٹٹولیں ، تویاد آیا کہ زرمینہ کے چکّر میں وہ چابی توگھر ہی بھول گئی تھی ۔’’ضیغم تو اندرہے‘‘اُسے اچانک یاد آیا۔ اُس نے ڈور بیل پر ہاتھ رکھ دیا اور بیل بجاتی چلی گئی، مگر دروازہ نہ کُھلنا تھا، نہ کُھلا۔ بہت دِنوں سے اُس کے اور ضیغم کے درمیان سرد جنگ چل رہی تھی ،مگر امینہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ وہ اس قدر سنگ دلی کا مظاہرہ کرے گا۔ یقیناً وہ جان بوجھ کر دروازہ نہیں کھول رہا تھا۔ اسٹالر میں بیٹھی زرمینہ سردی سے کانپنےلگی، اُس نے بے بسی کے عالم میں اِدھر اُدھر دیکھنا شروع کر دیا،پر وہ کسی کے گھر نہیں جانا چاہتی تھی۔ اس کی دوستی صرف رُوتھ سے تھی، جو آج کل سان فرانسسکو گئی ہوئی تھی۔ نہ چاہتے ہوئے بھی اس نے 911پر کال کردی اور پھرچند منٹ کے اندر ر اندریسکیو اہل کاروہاں موجود تھے۔ اس نے بہانہ بنایا کہ اُس کے شوہر کے ساتھ جانے کیا ایمرجینسی ہوگئی ہے کہ وہ دروازہ نہیں کھول رہا۔ اندر شاید ضیغم کو باہر کے حالات کی خبر ہوگئی تھی۔ اس نے کچھ ہی دیر بعد دروازہ کھول دیا۔’’تم دروازہ کیوں نہیں کھول رہے تھے؟‘‘ آفیسر نےپوچھا ۔’’مَیں سورہا تھا۔‘‘ اس نے بے حِسی سے جواب دیا۔ ’’کیا یہ بچّی تمہاری ہے؟‘‘ وہاں ایسا سوال ایک عام سی بات تھی ۔ ’’ہاں…‘‘ اس نے اعتراف کیا۔’’تو تم اتنے سنگ دِل کیسے ہوسکتےہوکہ تمہیں بچّی کا خیال تک نہ آیا؟‘‘ آفیسر زنے اسے شرمندہ کرنے کی کوشش کی اور چلے گئے۔
اُن کے جانے کے بعد وہ امینہ پر برس پڑا۔ ’’اب توحد ہی ہوگئی ہے، مَیں اب تمہیں یہاںمزید برداشت نہیں کرسکتا، اپنابوریا بستر سمیٹو اور نکلو میرے گھر سے…‘‘ امینہ صبر کا دامن تھامے،خود کو اور زرمینہ کو سنبھالنے میں لگی رہی۔ اُسے ڈر تھا کہ کہیں ڈیڑھ سالہ، سونو اُٹھ کر رونا نہ شروع کردے ، جسے وہ گھر چھوڑ گئی تھی۔ ضیغم چیزیں اُٹھا اُٹھا کر پھینکتا رہا، وہ غصّے سے پاگل ہورہا تھا۔ زرمینہ سہم سی گئی ، وہ اسے گود میں لیے تھپکتی رہی۔ کچھ دیر بعد وہ بھی سوگئی ،تو امینہ کھانا بنانے کچن میں چلی گئی۔ اس سارےفساد کے پیچھے ضیغم کے سنیتا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات تھے، جو انڈیا سے تھی اور عرصۂ دراز سے اپنی فیملی کے ساتھ یہاں، نیویارک میں مقیم تھی۔ امینہ کی ضیغم سے ارینجڈ میرج تھی۔ اُن کی شادی کو پانچ سال ہو چُکے تھے۔ دونوں کا تعلق سیال کوٹ کے ایک متوسّط خاندان سےتھا۔ ضیغم سے اس کا رشتہ کچھ جاننے والوں نے کروایا تھا۔ امینہ کے ماں، باپ فوت ہوچکے تھےاور بس ایک بوڑھی دادی ہی اس کی سرپرست تھیں، جنہوں نے اسے رخصت کیا تھا۔ ضیغم کے بارے میں امینہ کے چچا نے بس رسمی چھان بین کرکے رشتہ طے کردیا تھا۔ شادی کے بعد شروع کے تین سال وہ نیویارک نہ آسکی تھی، البتہ ضیغم چکر لگاتا رہتا تھا۔ دادی کی وفات کے بعد امینہ کے چچا کے اصرار پر وہ دو سال قبل ہی اسے یہاںلایا تھا۔ امینہ کو یہاں آنے کے بعد ہی ضیغم کے شب و روز کھٹکنے لگے تھے۔ وہ اس مادر پدر آزاد معاشرے کے رنگ میں پوری طرح رنگ چُکا تھا۔ وہ معاشی طورپر سیٹلڈ تھا اور یہاں اس کا اپنا اچھا خاصا بزنس تھا۔ اب امینہ سمجھ سکتی تھی کہ وہ شروع کے تین سال اُسے یہاں لانے میں کیوں متردّد تھا۔ اس نے کچھ عرصہ تو سب خاموشی سے برداشت کیا، پھر آہستہ آہستہ اُسےاُس کی غفلت اور لاپروائی کا احساس دلانا شروع کیا، تو وہ آپے سے باہر ہونے لگا۔ وہ اسے طعنے دیتا کہ اس کی دادی اور چچا نے اسے ایک بوجھ کی طرح اتار پھینکا ۔ اس لیے اُسے ضیغم کا ممنون ہونا چاہیے کہ اس کی وجہ سے وہ یہاںپُر آسائش زندگی بسر کر رہی ہے۔
ضیغم کے لیے لڑکیوں سے دوستی ،عام بات تھی۔ البتہ، سنیتا کا معاملہ الگ تھا۔ اس کے ساتھ ضیغم کے مراسم روزبروز گہرے ہوتے چلےجا رہے تھے۔ جس کی وجہ سے امینہ بے حد پریشان رہنے لگی تھی۔اس دیارِغیر میں وہ خود کو تنہا، لاچار محسوس کررہی تھی۔ وہ دل ہی دل میں روتھ کی واپسی کی دعائیں مانگنے لگی، شاید وہ اسے کوئی اچھا مشورہ دےسکے۔ اگلے ہی دن رُوتھ واپس آگئی ،تو امینہ نے ساری صورتِ حال اُس کے سامنے رکھ دی۔ رُوتھ نے نہایت محبت سے اس کے آنسو پونچھے اور مدد کرنے کا یقین دلایا، اس کے مشفق لہجے سے امینہ کو پاکستان میں کوڑھ کے مریضوں کے لیے زندگی وقف کردینے والی عظیم خاتون ’’رُوتھ فائو‘‘ یاد آگئیں۔ واقعی اچھے انسان کسی خاص مذہب یا فرقے کی میراث نہیں ہوتے ،یہ کبھی بھی کہیں بھی مل جاتے ہیں۔چند روز بعد وہ ایک پاکستانی وکیل ،عائشہ احمد کے سامنے بیٹھی اپنی داستان سُنا رہی تھی۔ دیارِ غیر میں کوئی ایسا مل جائے ،تو روح کیسی شانت ہو جاتی ہے اور عائشہ احمد میں کوئی بات تو ضرور تھی کہ امینہ اُسے اپنا حال سُنا کر انتہائی ہلکاپُھلکا محسوس کر رہی تھی۔عائشہ احمد بھی یہ کام پیشے سے زیادہ مِشن کے طورپر کررہی تھیں۔ ’’مَیں تمہیں اور تمہارے بچّوں کو حق دلوا کر رہوں گی، یہ میرا وعدہ ہے۔‘‘ عائشہ نے اسے یقین دلایا ۔ضیغم کو چند روز بعد ہی لیگل نوٹس مل گیا۔ تو وہ غصّے سے تڑپ اُٹھا ۔ امینہ نے خلع کے ساتھ اپنے اور بچّوں کے حق کے لیے درخواست بھی دائر کی تھی۔’’واہ! تو تم اب میرا مقابلہ کرو گی، تمہاری حیثیت ہی کیا ہے، تمہیں خالی ہاتھ پاکستان واپس نہ بھیجا ،تو میرا نام بدل دینا۔ تمہیں عیش و آرام کی زندگی راس ہی نہیں آئی، اب دیکھو کیسے سڑک پر آتی ہوتم…‘‘امینہ کی روح پر دن رات گھائو لگالگا کر، جانے وہ کس عیش و آرام کی بات کررہا تھا۔ اس نے سونو اور زرمینہ کو دیکھا، کتنے پیارے اور معصوم تھے اس کے بچّے۔ اسے ان کے لیے یہ جنگ لڑنا تھی۔ وہ اکیلی ہوتی تو شاید ہتھیار ڈال دیتی ،مگر اب نہیں، اس نے ٹھان لی تھی کہ وہ کم زور نہیں پڑے گی۔
عائشہ احمد نے جس طرح اس کا مقدمہ لڑا، امینہ تو حیرت زدہ رہ گئی۔ وہاں نامی گرامی امریکی وکیل بھی اس کے دلائل کے آگے نہ ٹھہر سکے۔ ضیغم، جو اسے سڑک پر لانے کا متمنی تھا، امینہ کو رہائش اور دیگر سہولتیں دینے پر مجبور ہوگیا اور بچّے بھی امینہ کی کسٹڈی میں دے دئیے گئے ۔ البتہ، ضیغم کو بچّوں سے ملاقات کی اجازت ضرورت تھی۔امینہ، عائشہ احمد کے سامنے بیٹھی ممنون نگاہوں سے اُسے دیکھ رہی تھی۔ اس کے پاس شکریہ ادا کرنے کے لیےالفاظ نہیں تھے۔ دوسری جانب عائشہ احمد نے فیس کے نام پر اس سے کچھ بھی لینے سے انکار کردیا تھا۔’’تو پھر،کیا سوچا ہےتم نے…؟‘‘ عائشہ نے گفتگو کا آغاز کیا۔ ’’مَیں نے…؟؟ مجھے کیا سوچنا ہے؟‘‘ امینہ نے اداس لہجے میں کہا۔’’اپنے مستقبل کے بارے میںکچھ تو سوچو؟‘‘ ’’میرا مستقبل…؟میراکیا ہے، بس مجھے اپنے بچّوں کی فکر ہےکہ اکیلے کیسے تعلیم و تربیت دوں گی انہیں۔ ‘‘’’تم خود کو کبھی اکیلا اور کم زور مت سمجھنا۔ ایک انسان کے زندگی سے نکل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اللہ ہے ناںتمہارے ساتھ ۔میری مانوتو تم اپنی تعلیم مکمل کرو، یہاں تعلیم کے اچھے مواقع ہیں، تعلیم مکمل کرکے تم اپنے پائوں پر کھڑی ہوسکتی ہو اور یاد رکھو کہ ایک مضبوط اور پُراعتماد ماں ہی اپنے بچّوں کی بہتر پرورش کرسکتی ہے۔ آگے بڑھو، ایک خوب صُورت زندگی تمہاری منتظر ہے۔‘‘ ’’جی، مَیں پوری کوشش کروں گی…‘‘ امینہ نے یہ کہہ کر رخصت لی۔
ایک طویل عرصہ گزر گیا ۔مصروفیات کے باعث عائشہ اور امینہ دوبارہ مل ہی نہ سکے۔گرمیوں کا موسم شروع ہو چُکا تھا، سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا اور فضا خوش گوار تھی۔ عائشہ احمد نے گاڑی پارک کی، تو سامنے ایک بلڈنگ سے اُسے ایک جانی پہچانی خاتون نکلتی دِکھائی دی،شاید اس نے بھی عائشہ کو دیکھ لیا تھاکہ وہ تیز تیز قدم بڑھاتی اُس کے پاس آپہنچی۔’’کیسی ہیں آپ…؟‘‘ وہ بھاگ کر عائشہ احمد سے لپٹ گئی ۔’’مَیں ٹھیک ہوں… تم ، تم… امینہ ہو ناں؟ کیسی ہو؟‘‘ عائشہ احمد نے نکھری نکھری سی امینہ پر نظر ڈالی۔ ’’بہت اچھی… جیسا آپ دیکھنا چاہتی تھیں، بالکل ویسی۔‘‘ وہ مسکرائی۔ ’’آئیں ، بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں۔‘‘دونوں ایک کافی شاپ میں بیٹھ گئیں۔ ’’مَیں اپنی گریجویشن مکمل کررہی ہوں اور ساتھ ہی پارٹ ٹائم ملازمت بھی۔‘‘ امینہ نے خوش ہوکر بتایا۔’’اور تمہارے بچّے کیسے ہیں؟‘‘ دونوں ٹھیک ہیں، زرمینہ اسکول جانے لگی ہے ۔‘‘’’اچھا،ماشاءاللہ! اور وہ ان کا باپ…وہ ملنے آتا ہے؟‘‘ ’’آتا ہے میرے پاس…بار بار آتا ہے، معافی مانگتاہے۔ ‘‘ امینہ بولی۔’’تو کردو معاف…‘‘ عائشہ احمد نے اچانک کہا۔’’کیا معاف کردینااتنا آسان ہوتا ہے؟‘‘’’نہیں،ہوتا تو بہت مشکل ہے مگر…‘‘امینہ کو لگا، جیسے عائشہ کی آنکھیں نم ہوگئیں۔’’پتانہیںکیوں ،پر مجھے لگتا ہےکہ آپ کی بھی کوئی کہانی ہے،جو میری کہانی سے ملتی جُلتی ہے۔‘‘ امینہ نے کچھ جھجھکتے ہوئے کہا۔’’ہاں! تم نے ٹھیک اندازہ لگایا۔‘‘ اب عائشہ نَم آنکھوں کے ساتھ مسکرا رہی تھی۔ ’’تو کیا آپ نے اُسے معاف کردیا تھا؟‘‘امینہ نے سوال کیا۔’’ہاں،معاف توکردیا ، مگر اُس وقت ہرگز نہیں، جب مَیں کم زور اور بے بس تھی۔ مَیں نے اُسے، اس وقت معاف کیا ، جب میں اپنے پَیروں پر کھڑی ہو چُکی تھی، معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم تھی، تاکہ اُسے احساس ہو کہ معاف کرنا میری مجبوری نہیں، ’’اختیار ‘‘ تھا۔‘‘