• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے ہرادیا

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے ہرادیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے 16ویں میچ میں بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی37 رنز سے شکست دے پہلے 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 209 رنز بنائے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 172رنز بناسکی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قلندرز کی اننگز کا آغاز ہوا تو اوپنر فخر زمان 15 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کرس لین نے 22 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد حفیظ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔

50 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد بین ڈنگ اور سمیت پٹیل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب چوکے اور چھکے لگائے۔

بین ڈنک اور سمیت پٹیل کے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سب ہی بولرز بالکل بے بس نظر آئے، دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 155 رنز کی شراکت قائم کی۔

سمیت پٹیل 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بین ڈنک نے صرف 43 گیندوں پر 93 رنز بنائے، اُن کی اننگز میں 10 چھکے شامل تھے جو پی ایس ایل میں کسی بھی بیٹسمین کے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

پی ایس ایل سیزن فائیو میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بین ڈنک نے محمد نواز کے ایک ہی اوور میں لگاتار 4 چھکے لگائے۔

یوں لاہور قلندر نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ رہا، جیسن روئے کو 12 رنز پر سمیت پٹیل نے کلین بولڈ کیا، احسن علی صرف 2 رنز بناسکے، جبکہ کپتان سرفراز احمد بھی 9 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

بین کٹنگ کے 53 رنز کے علاوہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بیٹسمین لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور کوئٹہ کی پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی، یوں قلندرز نے نہ صرف 37 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی اپنا کھاتہ بھی کھول لیا۔

قلندرز کی جانب سے سلمان ارشاد سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ سمیت پٹیل، دلبر حسین اور محمد فیضان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ

پی ایس ایل سیزن فائیو کے 16ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک تبدیلی کی ہے، فواد احمد کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پچ بولنگ کے لیے ساز گار لگ رہی ہے، جلد وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ 170 سے زیادہ اسکور کرنے کا پلان ہے، ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم نے 5 میچز کھیل کر 8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، یوں وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

تازہ ترین