خلیجی خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، کئی ممالک کے فضائی دفاعی نظام متحرک ہو گئے۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق حالیہ گھنٹوں میں مشرقی علاقے میں 12 ڈرون مار گرائے گئے، جبکہ کویتی نیشنل گارڈ نے بھی 1 ڈرون مار گرانے کی تصدیق کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئر پورٹ کے قریب امریکی سفارتی تنصیب پر راکٹوں اور ڈرونز سےحملہ کیا گیا، جبکہ جدیریہ کے علاقے میں ایران نواز الحشد الشعبی کے ہیڈ کوارٹر پر فضائی حملے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، قطری وزارت داخلہ کے مطابق ایک میزائل کو فضا میں تباہ کیا گیا جس کا ملبہ صنعتی علاقے میں گرنے سے آگ لگی گئی، سول ڈیفنس کی ٹیمیں قابو پا رہی ہیں، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام ایران سے آنے والے میزائل اور ڈرون حملے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ ابوظبی میں بیلسٹک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق فجیرہ کے قریب آئل ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملہ کیا گیا، جس سے جہاز کو معمولی نقصان پہنچا تاہم عملہ محفوظ رہا۔