قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ چینی اہم حکومتی شخصیت نے برآمد کی، عمران نیازی کی آنکھیں اور کان بند ہیں۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کے اپنے فارمولے کے مطابق وزیراعظم چور ہے، حقائق اور شواہد بتارہے ہیں کہ حکومت کو صرف مال کمانے سے دلچسپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے اردگرد بیٹھے حواری چینی کی قیمت بڑھاکر مال کما رہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ چینی چوری کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کی دراز میں بند ہے، یہ رپورٹ عوام کے سامنے نہیں آ رہی، اسی لئے چینی چوری ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی قیمتوں میں کمی کے جھوٹے ٹویٹ کر رہے ہیں، چینی کی قیمت میں مزید 2 روپے فی کلو اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔