اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کیساتھ حکومت نے کسی قسم کا معاہد ہ نہیں کیا،یہ بات مولانا ہی بتا سکتے ہیں کہ ان سے وعدہ کس نے کیا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر زائرین کا دباو کم کرنے کیلئے تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں پاکستان کی پوزیشن دوسرے ممالک کی نسبت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر زائرین کے طبی معائنے کے لیے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔