• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایفیڈرین کیس‘ ملزم خواجہ اسد بری، حنیف عباسی کو اسی مقدمے میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی

اسلام آباد(فخردرانی) ایف ڈرین کیس میں گلوبل فارما سیوٹیکلز کے سی ای او خواجہ اسد کو بھی بری کردیا گیا ہے جبکہ حنیف عباسی کو اسی کیس میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی عدالت نے ہفتے کے روز گلوبل فارماسیوٹیکلز کو ایفی ڈرین کیس میں بری کردیا ہے۔ جب کہ اسی عدالت نے اسی مقدمے میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ حیرت انگیز طور پر دونوں مقدمات میں خاصی مماثلت پائی جاتی ہیں۔ گلوبل فارما اور گریس فارما کے مالک حنیف عباسی تھے اور وہ واحد شخص تھے جنہیں عمرقید کی سزا سنائی گئی۔ نیوٹرو فارماسیوٹیکلز اور جینوم فارما کو پہلے ہی 2014 میں اے این ایف عدالت نے بری کردیا تھا۔ اب گلوبل فارما تیسری کمپنی ہے جسے عدالت نے بری کیا ہے۔ جب کہ باقی ماندہ کمپنیوں کے کیسز زیر التواء ہیں۔ وزارت صحت نے 99 فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کو ایف ڈرین کوٹہ دیا تھا۔ گلوبل فارماسیوٹیکل کے خلاف کیس 10اکتوبر، 2011 کو رجسٹر کیا گیا تھا۔ جب کہ کمپنی مالکان خواجہ اسد یعقوب اور خواجہ ساجد یعقوب کے خلاف چالان 30 جولائی، 2013 کو جمع کرایا گیا تھا۔ اس حوالے سے جب گلوبل فارما کے سی ای او خواجہ اسد سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ عدالت نے ان کی کمپنی کو ایف ڈرین کیس میں بری کردیا ہے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ انہیں تحریری حکم نامہ موصول نہیں ہوا ہے اور وہ اس مسئلے پر بات نہیں کرسکتے۔
تازہ ترین