کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ شہبازشریف کو سیاسی مقابلہ کرنا ہے توانہیں پاکستان آنا پڑے گا۔شہباز شریف سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں نوازشریف کی خاموشی قابل فکر ہوسکتی ہے،اپوزیشن نام کی اس ملک میں کوئی بھی چیز نہیں ہے۔ جی ایچ کیو میرے حلقے میں ہے لیکن میں نے جب سیاست شروع کی جب پہلے دن تقریر کی تو میں مارشل لاء کے تحت قید ہوگیا شروع کے دن بہت جدوجہد کی کیوں کہ میں سیلف میڈ آدمی تھا ۔ جی ایچ کیو کے ساتھ معاملات میرے ٹھیک ہی رہے مشرف کے ساتھ کیبنٹ میں رہا ضیاء الحق سے نہیں بنی مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر دور چلا گیا، میں اس کے بعد اس نتیجے پر پہنچا کہ پاکستان میں اسلامی دوستوں کے بغیر سیاست کرنا آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بائیس سالہ جدوجہد کے بعد آئے ہیں۔ایک سوال پر کہ مشرف نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا مشرف سے کہ مجھے تیس سیٹیں دے دیں اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا اس کا مجھے نہیں پتہ البتہ ایک دفعہ نوازشریف کی طرف سے میں اور چوہدری نثار بات کرنے گئے تھے اس وقت پچاس سیٹیں عمران خان کو دینے کے لئے تیار تھے عمران خان نے انکار کر دیا کہا مقابلہ کروں گا۔اس سوال پر کہ افواہیں تھیں پنڈی اور اسلام آباد کے موسم خراب ہونے والے ہیں اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں تھا چھوٹی موٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں لیکن سنجیدہ مومنٹ کوئی نہیں تھی اگر کچھ تھا بھی تو وہ ختم ہوچکا ہے۔