وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔
ن لیگ اور پی پی کے جن ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ان میں نشاط احمد ڈاہا، محمد غیاث الدین، چوہدری اشرف علی، محمد فیصل خان نیازی، غضنفر علی خان، محمد ارشد، اظہر عباس اور یونس علی انصاری شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے والے پنجاب اسمبلی کے ارکان سے جواب طلب کرلیا۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے رکن اسمبلی غضنفر علی سے جواب مانگ لیا۔
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ انہیں ابھی اس ملاقات کا علم ہوا ہے، ایسی کوششیں پہلے بھی ناکام ہوئیں اور اب بھی ناکام ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمجھنا ہوگا کہ مسلم لیگ (ن) مانگے تانگے کی جماعت نہیں ہے۔