• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:کورونا کا ایک اور مریض صحتیاب


کراچی میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ایک اور مریض صحتیاب ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جو پہلے 6 کیسز تھے ان میں ایک صحتیاب ہوگیا ہے، توقع ہے اُسے کل (بدھ) اسپتال سے ریلیز کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 15 مثبت کیسز کی تشخیص ہوچکی ہے اور یہ تمام کیسز باہر سے سفر کرکے آنے والوں میں تشخیص ہوئے ہیں، ان میں سے کوئی بھی کیس یہاں رہنے والوں میں تشخیص نہیں ہوا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے 13ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ زیر علاج ایک اور مریض منگل کو صحتیاب ہوگیا ہے اور اُس کا ٹیسٹ منفی آچکا ہے، کل دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں ایئرپورٹ پر ایران، افغانستان، اٹلی اور اس طرح کے دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی جانچ پڑتال میں زیادہ محتاط رہنا ہوگا اور مشتبہ افراد (اگر کوئی ہیں تو ان) کو شہر میں لانے کے بجائے قرنطینہ میں رکھنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 19 نمونے ٹیسٹ کیے گئے، ان میں سے 9 کی تشخیص مثبت آئی جبکہ 10 کو منفی قرار دیا گیا۔ اس طرح، سندھ میں کیسز کی تعداد 15 ہوگئی ہے، جس میں کراچی میں 14 اور حیدرآباد میں ایک کیس شامل ہیں۔ لیب ٹیسٹ کے لیے مزید دو نمونے بھیجے گئے ہیں اور ان کے نتائج کا انتظار کیا جارہا ہے۔

 زیرِ علاج تمام 14 مریض مستحکم ہیں اور صحت یاب ہورہے ہیں۔ محکمہ صحت نے 162 لیب ٹیسٹ کروائے ہیں، ان میں سے 147 کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ 15 کی تشخیص مثبت آئی ہے، دو نتائج زیر التوا ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلا مریض صحتیاب ہوکر گھر لوٹ گیا ہے جبکہ  67 سال کی عمر کا دوسرا مریض جسے خطرہ زیادہ تھا وہ بھی منگل کو صحت یاب ہوگیا ہے اور اُس کا ٹیسٹ بھی منفی آچکا ہے، تاہم کل اس کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 167 زائرین اپنے گھروں پر قرنطینہ میں ہیں۔ قرنطینہ میں موجود 25 زائرین اپنی آئیسولیشن کی مدت 11 مارچ، 34 زائرین 12 مارچ جبکہ 66 زائرین 13 مارچ کو اپنی آئیسولیشن کی مدت مکمل کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر روزانہ تقریباً 4 ہزار مسافر اترتے ہیں، لہٰذا ان کی اسکریننگ کے انتظامات کو فول پروف بنانا ہوگا۔

انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت سے بات کریں اور ان سے درخواست کی جائے کہ وہ کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کے لیے ہوائی اڈے پر قرنطینہ کے انتظامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ نمونیا یا کورونا وائرس کی علامت والے مسافروں میں سے کسی کو بھی ہوائی اڈے سے باہر نہ لایا جائے اور نہ ہی اسے دوسروں کے سامنے ظاہر کیا جائے۔

چیف سیکریٹری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ محکمہ صحت نے ایئر پورٹ پر 32 پروفشنلز کو تعینات کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ہوائی اڈے پر صحت کے عملے کو دوگنا کر رہے ہیں تاکہ آنے والے ہر مسافر کی صحیح جانچ کی جاسکے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر نجی اسپتالوں نے 691 مریضوں کا ڈیٹا شیئر کیا اور ان میں سے کسی کی بھی تشخیص مثبت نہیں آئی ہے۔ نجی اسپتال سے آئے دن اس طرح کا ڈیٹا محکمہ صحت میں آتا رہے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز پر ہیلتھ ایجوکیشن اور اسکریننگ ڈیسک قائم کی جائے گی۔

محکمہ صحت ماہر  ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈبلیو ایچ او کے ذریعہ خصوصی تربیت دے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اور اہم فیصلہ لیتے ہوئے پی ایس ایل میچ 12 مارچ سے شیڈول کے مطابق ہی کروانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز شہر میں پہلے ہی سے طے تھے۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی وسیم اختر، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، سیکریٹری صحت زاہد عباسی، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ، کور 5، رینجرز، ایف آئی اے، ایئرپورٹ سروسز، سول ایوی ایشن، ڈبلیو ایچ او، آغا خان اسپتال اور انڈس اسپتال کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین