• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری روڈ‘ تاجروں کا نقشوں کی جانچ پڑتال اور یاددہانی نوٹسزپر تشویش

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) مری روڈ کے تاجروں نے نقشوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے کارپوریشن کی طرف سے یاد دہانی کے نوٹسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی سے ملاقات کے بعد معاملات طے پا گئے تھے‘ دوبارہ نوٹسز جاری ہونے پر دکاندار پریشان ہیں۔ انجمن تاجران مری روڈ کے چیئرمین حاجی شیر زمان، انجمن تاجران وارث خان مری روڈ کے صدر حاجی منیر اور سینئر نائب صدر محمد بشارت جاوید سمیت دیگر رہنمائوں نے کہا کہ چند ماہ قبل بھی کارپوریشن کی طرف مری روڈ کے تقریباً پانچ سو دکانداروں سے انکی جائیدادوں کے نقشے طلب کئے گئے جس پر تاجر نمائندوں نے کمشنر راولپنڈی سے ملاقات کر کے انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کیا تھا جس پر کمشنر راولپنڈی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ پانچ سال سے زائد پرانی عمارتوں کے نقشے نہیں طلب کئے جائیں گے مگر اب میٹرو پولٹین کی طرف سے نقشے پیش کرنے کیلئے دوبارہ نوٹسز جاری ہو گئے ہیں۔ ادھر میٹرو پولٹین آفیسر پلاننگ شہزاد حیدر کا کہنا ہے کہ ہم کسی دکاندار کو پریشان نہیں کر رہے‘ نوٹسز کا اجراء مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ڈیٹا اکٹھا کرنا اور تمام دکانوں و پلازوں کو قانونی شکل دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہونے کی صورت میں فائدہ دکانداروں اور انکے لواحقین کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں جاری ہونے والے نوٹسز پر 100سے زائد دکانداروں کا ردعمل انتہائی مثبت رہا، ایم او پلاننگ کا کہنا ہے کہ مری روڈ پر بیشتر کمرشل تعمیرات بلانقشہ و خلاف نقشہ ہیں‘ اگر دکاندار تعاون کریں گے تو ہم انکی تمام تعمیرات کو قانونی شکل دیکر باقاعدہ ان کا ریکارڈ بھی مرتب کر رہے ہیں جس کا مستقبل میں انہی دکانداروں کو فائدہ ہوگا۔
تازہ ترین