قصور کے علاقے کھڈیاں میں معمولی تلخ کلا می پر ایک نوجوان کو 25 سے 30 افراد کی جانب سے سر عام تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
قصور کےعلاقے کھڈیاں میں ایک نوجوان محمد اسلم پر 20 سے 30 با اثر افراد نے ڈنڈوں اور بانس سے تشدد کیا، تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو درجن سے زائد افراد نوجوان پرتشدد کرتے ہوئے اسے مین بازار میں گمھارہے ہیں جس پر نہ پولیس حرکت میں آئی اور نہ ہی ایف آئی آر درج کی گئی۔
متاثرہ نوجوان محمد اسلم کا کہنا ہے کہ وہ بازار گیا تھا ، اس کی موٹر سائیکل عاطف طفیل نامی لڑکے سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے تلخ کلامی ہوئی لیکن لوگوں نے بات رفع دفع کروا دی۔
متاثرہ نوجوان محمد اسلم کے مطابق شام کو جب وہ سودا لینے بازار گیا تو 25 سے 30 افراد نے اسے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، اس کا سر پھاڑ دیا جسم پر بھی چوٹیں آئیں۔
متاثرہ نوجوان محمد اسلم کا کہناہے کہ بازار میں گھسیٹا اور تھانے کے سامنے پھینک دیا، متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی اور صلح کے لیے دباو ڈال رہی ہے۔