کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلے گئے پی ایس ایل کے 24ویں میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر دلبر حسین پر جرمانہ عائد کردیا گیا ۔دلبر حسین کو ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق میں شامل یہ شق بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان، اشارے یا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اشتعال دلانے سے متعلق ہے۔یہ واقعہ میچ کے دوران پہلی اننگز کے 18ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب لاہور قلندرز کے دلبر حسین نے پشاور زلمی کے حیدر علی کو آؤٹ کرنے کے بعد ایسے ردعمل کا اظہار کیا جو بیٹسمین کو اشتعال دلا سکتا تھا۔