• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر ہسپتال میں 5کروڑ کی لاگت سے بچوں کے نئے وارڈ کا افتتاح

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بے نظیر بھٹو ہسپتال میں گزشتہ روز حمید گل فائونڈیشن کے تعاون سے بچوں کے 170بستروں کے نئے وارڈ کا افتتاح کیا گیا، وارڈ پر 5کروڑ روپے کی لاگت آئی ، نئے وارڈز کا افتتاح صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کرنا تھا مگر مصروفیت کی وجہ سے حاضر نہ ہو سکیں۔ فائونڈیشن کی روح رواں عظمیٰ گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ کی خواہش پر وارڈ بنانا چاہتی تھیں مگر جب ہم کو سرکاری ہسپتالوں کی تزئین وآرائش کا کہا گیا ہم نے اس جگہ کا انتخاب کیا اور بلڈنگ بنانے کی اجازت ہمیں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے لے کردی۔ عظمیٰ گل نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی عمارات پرانی ہو چکی ہیں مخیر حضرات کو آگے آنا چاہئے تمام مسائل صرف حکومت حل نہیں کر سکتی۔انہوں نے بتایا کہ 20 انکوبیٹر کے ساتھ 170بستروں کا مکمل وارڈ عمارت سمیت بنایا گیا جس میں ہمارے جاننے والوں اور رشتہ داروں نے بڑی مدد کی، تقریب کی مہمان خصوصی جنرل (ر) حمید گل مرحوم کی بہن فاخرہ مظہرتھیں۔ ایم ایس بے نظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر رفیق نے کہا کہ نئے وارڈ کی تعمیر سے ہمارے مسائل میں کمی آئے گی کیونکہ ابھی تک ایک ایک بستر پر2 ،2 بچے داخل ہیں 140بیڈ کے اس نئے وارڈ سے بوجھ کم ہو گا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر عمر اور ڈاکٹررائے اصغر نے حمید گل فائونڈیشن کے اس عظیم کام کو سراہا اور کہا کہ جتنی لگن اور محنت سے انہوں نے وارڈز کی تعمیر کی اپنی مثال آپ ہے۔ اس موقع پر شعبہ اطفال کے سربراہ پروفیسر رائے اصغر نے کہا کہ نئی عمارت کی تعمیر سے نہ صرف مسائل کم ہوں گے بلکہ بہتر سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پچوں کو تمام طبی سہولتیں اور ٹیسٹ بھی فری ہوں گے۔
تازہ ترین