کوئٹہ ( پ ر )سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کی جانب سے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے کرونا وائرس سے متعلق حکومت کی ناقص کارکردگی اور مجرمانہ خاموشی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک سوچھے سمجھے منصوبے اور سازش کے تحت کرونا وائرس کو بلوچستان بلخصوص کوئٹہ میں پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، ملک کے کونے کونے سے اس وائرس کے شکار مریضوں کو میاں غنڈی کے قریب کیمپوں میں جمع کرکے شیخ زید ہسپتال میں علاج کرانے کا بنیادی مقصد بلوچستان میں اس وباء کو زبرستی لانا ہے حکومتی بے حسی اور ناقص پالیسیاں شروع دن سے ہی یہاں کے عوام پر عیاں ہیں ،انہوں نے اس وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے کبھی سنجیدگی سے عملی اقدام اٹھانے کی کوشش نہیں کی کیونکہ حکمرانوں کی پالیسیاں اور دلچسپیاں صرف اور صرف اقتدار مراعات اور مفادات حاصل کرنے تک محدود ہیں انھیں بلوچستان کے غریب عوام کی فلاح وبہبود ترقی خوشحالی صحت روزگار جان کی سلامتی اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ملک کے کونے کونے سےکرونا وائرس کےمریضوں کو ڈھونڈ کر لاوارث بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور سریاب میں منتقل کرکے حکمران اپنے عمل سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ترقی اور خوشحالی کے منصوبے پنجاب سندھ خیبر کے لیےہیں اور جب کوئی آفت آتی ہے تو اسے بلوچستان میں دھکیل کر یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ خطہ بیماریوں ،تجربہ گاہوں اور دیگر بدبختیوں کےلیے ہے۔انہوں نےکہاکہ ہماری جماعت کو سب سے پہلے صوبے کے عوام کی جان کی سلامتی حقوق کا تحفظ عزیز ہے اور اس مقصد کے اصول کیلئے سیاسی جمہوری پارلیمانی حوالے سے ہر جگہ پر آواز بلند کرینگے۔