کراچی (شکیل یامین کانگا / اسٹاف رپورٹر) عالمی نمبر چار مصری کھلاڑی عمر موساد انجری کے باعث پاکستان کے خلاف دوستانہ اسکواش سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے، ان کی جگہ محمد ابوالغائر لیں گے۔ سیریز کیلیے مصری کھلاڑی مزین ہشام اتوار اور پیر کی رات کراچی پہنچ گئے ۔ سیریز میں مصر کی جانب سے عالمی نمبر چھ طارق مومن، نمبر سات کریم عبدالجواد، نمبر17 مزین ہشام اور عالمی نمبر 14علی فارج اور عالمی نمبر 22محمد ابوالغائر جبکہ پاکستان کی جانب سے فرحان محبوب، طیب اسلم، شاہجہان خان، فرحان زمان، عاصم خان حصہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل 5اپریل کو پاکستان کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ پانچ اپریل منگل کو پاکستانی کھلاڑیوں عباس شوکت کا مقابلہ کاشف آصف سے، ماریہ طور کا مدینہ ظفر سے اور اسرار احمد کا علی بخاری سے ہوگا۔ 6اپریل بدھ کو پاکستان اور مصر کے درمیان سیریز کا آغاز ہوگا ۔