بالی ووڈ بگ بی امیتابھ بچن نے کورونا وائرس پر کچھ شعر کہے ہیں جنہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے، ویڈیو میں وہ خود شعر پڑھ کر سنا رہے ہیں۔
بالی ووڈ بگ بی امیتابھ بچن نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے مداحوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے شاعرانہ انداز میں پیغام دیتے نظر آرہے ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم ہیں امیتابھ بچن اور یہاں بہت دنوں سے کورونا وائرس کی باتیں ہو رہی ہیں، اِس وائرس سے سب کا بہت نقصان بھی ہو رہا ہے۔‘
بالی ووڈ بگ بی نے کہا کہ ’اِس وائرس کی وجہ سے سب لوگ بہت گھبرائے ہوئے ہیں اور پریشانی کے عالم میں ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’سب کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے آج صبح مجھے بھی لگا کہ مجھے کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی پیغام دینا چاہیے اِسی لیے میں نے بیٹھے بیٹھے اِس پر 4 مصرے لکھ دیے ہیں اور سوچا کہ آپ کو تحفے میں دے دوں۔‘
امیتابھ بچن نے شاعرانہ انداز میں کہا:
بہت سے علاج بتاتے ہیں سب
کون سے علاج سُنیں اور کون سے علاج نہ سُنیں؟
کوئی کہتا ہے کہ کلونجی پیسو
کوئی کہتا ہے کہ آملہ کا رس نکالو
کوئی کہتا ہے کہ گھر میں بیٹھو
اِدھر سے اُدھر نہ جاؤ
کوئی کہتا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہ کرو
بنا صابن کے ہاتھ دھوئے کسی کو ہاتھ نہ لگاؤ
ہم نے کہا کہ چلو ہم ویسا کرلیتے ہیں
جیسا بولتے ہیں سب
آئے کورونا، فررونا
ہم ٹھینگا دِکھائیں گے تب
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے 125 ممالک میں 4 ہزار 969 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ دنیا بھر میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔