• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اجتماعات، شادی ہالز، سینما گھر 14دن کیلئے بند‘

’اجتماعات، شادی ہالز، سینما گھر 14دن کیلئے بند‘


حکومت پاکستان نے ملک میں 14 روز کے لیے بڑے اجتماعات، مذہبی تقریبات، شادی ہالز اور سینما گھروں پر پابندی لگادی، صرف 3 ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازیں لینڈ کریں گی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ریاست کے لیے لوگوں کے تحفظ سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس اعوان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 28 کنفرم کیسز ہیں، مرض کے حوالے سے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی کل میٹنگ ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق قومی سطح پر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، آج فیصلہ کیا گیا کہ صرف 3 ایئرپورٹس پر انٹرنیشنل پروازیں آسکیں گی۔

معاون خصوصی برائے صحت نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی پروازیں صرف اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے آپریٹ ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام بڑے اجتماعات اور شادی ہالز میں تقریبات پر دو ہفتوں کیلئے پابندی لگائی گئی ہے، اس دوران سینما گھر اور تھیڑز کو بھی بند رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ مذہبی اجتماعات سے متعلق مشاورت کی ذمہ داری وزیر مذہبی امور کو دی گئی ہے جبکہ کچہریوں اور کورٹس سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان سے ر ابطہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم درخواست کریں گے کہ سول کورٹس میں تاریخیں 3 ہفتوں کیلئے ملتوی کریں، درخواست کریں گے کہ جوڈیشل مجسٹریٹس اور سیشن کورٹ کے ججز جیلوں میں جاکر ریمانڈ اور ضمانت کے فیصلے کریں جبکہ جیلوں میں قیدیوں کے ملاقاتیوں پر تین ہفتے کےلیے پابندی عائد کی جائے۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ملک میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کل سے بند کیے جارہے ہیں، ملک میں اسکول ابھی تین ہفتوں کے لیے بند کیے جارہے ہیں۔

تازہ ترین