پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ 34 سال پرانے پلاٹوں کی خریداری کا اسکینڈل بنا کر نیازی حکومت میڈیا پر دباؤ بڑھانا چاہتی ہے، سوال یہ ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کا کیا قصور ہے؟
سوات پریس کلب مینگورہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ جیو اور جنگ کے مالکان کو نیازی کی طرف سے بتایا گیا کہ کچھ لوگوں کو جو نیازی پر تنقید کرتے ہیں چینل سے نکال دو، ورنہ آپ کا چینل بند کردیا جائے گا، کتنا بند کریں گے، ایک دن وہ باہر آئیں گے اور سب کچھ بتا دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیازی حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔
اس سے پہلے قومی وطن پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری فضل رحمان نونو نے ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔