پنجاب میں کورونا وائرس کا ایک مصدقہ مریض ہے، جو میو اسپتال لاہور میں زیرِ علاج ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ صوبے میں 28 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیرِ نگرانی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ میو اسپتال لاہور، نشتر اسپتال ملتان، فیصل آباد اور مظفرگڑھ میں تین تین کیسز، گجرات، لودھراں میں دو دو جبکہ سیالکوٹ، گوجرہ، خوشاب، بھکر، اوکاڑہ، جہلم، شیخوپورہ اور جھنگ میں ایک، ایک مریض زیرِ نگرانی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک 122مشتبہ مریضوں کے لیب ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جن میں کورونا کا ایک مریض کنفرم ہوا، 83 مریضوں کو ٹیسٹ کلیئر ہونے پر ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ 28 زیرِ نگرانی مشتبہ افراد کا ٹیسٹ رزلٹ آنا باقی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 10 مشتبہ مریضوں کو معائنے میں کوئی علامت نہ ہونے پر فوری گھر بھیج دیا گیا تھا۔