وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے ملاقات کی ہے، علماء کرام نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں مساجد بند نہیں کریں گے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے سب سے پہلے 3 جنوری کو کورونا وائرس کے معاملے پر وفاق کو خط لکھا اور کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا۔
عثمان بزاد کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر اقدامات کی مانیٹرنگ کےلیے کابینہ کمیٹی قائم کی جس کے اجلاس تواتر سے جاری ہیں۔ محکمہ صحت کو فی الفور ضروری ساز و سامان کے لیے 24 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے۔ جبکہ کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت کے لیے مزید ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں قائم 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ میں 541 بیڈز کی گنجائش ہے۔ مظفرگڑھ، لاہور، راولپنڈی میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے مخصوص اسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں۔ جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں زائرین کی ہیلتھ مانیٹرنگ کے لیے قرنطینہ قائم کئے گئے ہیں۔
عثمان بزدار نے بتایا کہ 760 زائرین ڈیرہ غازی خان پہنچ چکے ہیں جن کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے مزید 10 ہزار کٹس منگوائی جا رہی ہیں۔ پنجاب کابینہ نے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے۔ ایک لاکھ لوگوں کے لیے ایک ہفتے کے اندر کورونا علاج کی سہولت گاہ قائم کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ کورونا سے بچاؤ اور احتیاط کے لیے عوامی آگاہی مہم جا ری ہے۔
عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں، احتیاط کریں۔ قوموں پر آزمائش آتی ہے، انشاء اللّٰہ سرخرو ہوں گے۔ علماء کرام اپنے حلقہ اثر میں کورونا کے بارے میں شعور بیدار کریں۔
علماء کرام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پیشگی حکومتی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
علماء کرام نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت پنجاب کے پیشگی اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ ماضی میں علماء کا حکومت سے تعاون مثبت روایت ہے۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ تیز ہے، چھٹیوں میں گھروں سے نہ نکلیں۔
صوبائی وزیر پیر سید سعیدالحسن شاہ کا کہنا تھا کہ افراد کو وباء کے ضمن میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے گریز کرنا چاہیے۔
اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کیلئے خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔
مولانا صاحبزادہ فضل رحیم، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا طاہر محمود اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، علامہ محمد حسین اکبر اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری اوقاف اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔