وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ پاکستانی طلبا کا خیال رکھنے اور معاونت کرنے پر چینی قیادت کے شکرگزار ہیں۔
بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دورے کا بنیادی مقصد چینی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دورے کےد وران چین کے صدر ،وزیراعظم سمیت دیگر قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی اور زراعت ،سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ چینی قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال، افغان امن عمل،کشمیر سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ امن معاہدے کی پاسداری یقینی بنانے کی ذمے داری افغانستان کی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہاکہ پاک چین راہداری منصوبوں کی تکمیل کےلیے دونوں قیادتیں پرعزم ہیں، عارضی طور پر مختصر وقت کےلیے سی پیک میں وقفہ ضرورآیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے چین کو مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے، ٹڈی دل سے نمٹنے کےلیے چین نے ہمیں آلات اور زرعی ادویات دیں ۔
چین نے کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس کی پوری دنیا تعریف کررہی ہے اور ان اقدامات کی پیروی کرتی دکھائی دیتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے چین کی طرف سے کورونا وائرس کی ٹیسٹ کٹس فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔