• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زائرین کے گھروں کے پتے آج ہی بھیجیں، وزیراعلیٰ کی کمشنر سکھر کو ہدایت

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر شفیق احمد مہیسر کو زائرین کے گھروں کے پتے آج ہی بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اس ہدایت کا مقصد یہ ہے کہ ایسے گھروں پر راشن بھجوایا جائے، جن کے واحد کفیل کورونا کی وجہ سے قرنطیبہ میں ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر سکھر اور ان کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم سے ملاقات کی جس میں شہر میں کورونا وائرس سے متعلق اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعلیٰ نے کمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے پتے ڈپٹی کمشنر سکھر کو بھیجیں۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ کمشنر سکھر قرنطینہ میں زائرین کو کہیں کہ وہ اپنا خیال رکھیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کی پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ کشمنر سکھر کی پوری ٹیم میں محکمہ صحت، پولیس اور دیگر اداروں کے لوگ موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کمشنر سکھر کی ٹیم میں جو لوگ کام کر رہے ہیں، اُن کو انعام بھی دیں گے۔

کمشنر سکھر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ 696 زائرین تفتان سے سکھر کے لیے 17 بسوں میں منگل کی شام 6 بجے روانہ ہوئے ہیں اور یہ تقریباً بدھ کے روز دوپہر 12 بجے سکھر پہنچیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ان کی رہائش، میڈیکل چیک اپ اور لیب ٹیسٹ کے لیے انتظامات کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت کے 3 افسران کو سرکاری فیصلوں پر ڈویژنل سطح پر عملدرآمد اور رابطے کے لیے ڈویژن سطح پر تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نئے تعمیر ہونے والے اسپتالوں، آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو اسپتالوں کی بطور آئیسولیشن مراکز کے نشاندہی کریں۔

انہوں نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ وہ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)  اسلام آباد میں تربیت کے لیے اپنے 3 لیب ٹیکنیشن بھیجیں۔

تازہ ترین