بہاولنگر(نمائندہ جنگ، این این آئی) سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق سید ممتاز عالم گیلانی کی نماز جنازہ گورنمنٹ سٹی ہائی سکول کے فٹ بال گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں سیاسی، سماجی، وکلاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرحوم کو آبائی قبرستان تکیہ سفرعلی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ سید ممتاز عالم گیلانی دو مرتبہ بہاولنگر شہرسے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ممبرقومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق بھی رہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سید ممتاز عالم گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے مرحوم کے بھائی سینئر صحافی امتیاز عالم اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔