بالی ووڈ بگ بی امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ وہ کاش سُپر مین بن جائیں اور اِس عالمی وبا کو پوری دُنیا سے مٹا دیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن نے مائیکر و بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک پُرانی تصویر شیئر کی، امیتابھ بچن کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں اُنہوں نے سُپر مین کے لباس کے جیسا لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔
امیتابھ بچن کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کی ایک سالگرہ کی تقریب کی ہے اور تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امیتابھ بچن ہاتھ میں کیمرہ لیے تقریب کے مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کر رہے ہیں۔
بالی ووڈ بگ بی نے یہ تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ تصویر ابھیشیک کے ابتدائی برسوں کی ایک سالگرہ کی تقریب کی ہے جس کو ہم نے لباس پارٹی کا نام دیا تھا، سب نے مختلف لباس پہنے تھے اور میں نے سُپر مین کی تھیم کا لباس پہنا تھا۔‘
امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’کاش میں حقیقت میں سُپر مین بن جاؤں اور اِس خطرناک وبائی مرض کا دُنیا بھر سے ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردوں۔‘
اِس سے قبل امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے شاعرانہ انداز میں پیغام دیا تھا۔
امیتابھ بچن نے شاعرانہ انداز میں کہا تھا:
بہت سے علاج بتاتے ہیں سب
کون سے علاج سُنیں اور کون سے علاج نہ سُنیں؟
کوئی کہتا ہے کہ کلونجی پیسو
کوئی کہتا ہے کہ آملہ کا رس نکالو
کوئی کہتا ہے کہ گھر میں بیٹھو
اِدھر سے اُدھر نہ جاؤ
کوئی کہتا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہ کرو
بنا صابن کے ہاتھ دھوئے کسی کو ہاتھ نہ لگاؤ
ہم نے کہا کہ چلو ہم ویسا کرلیتے ہیں
جیسا بولتے ہیں سب
آئے کورونا، فررونا
ہم ٹھینگا دِکھائیں گے تب
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اِس وقت بھارت میں کورونا وائرس کے 200 کے قریب کیسز سامنے آگئے ہیں۔