کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کو پاکستان میں سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا،رہنما پیپلز پارٹی اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کورونا سےمتاثرہ 49 مریض ایسے ہیں جنہیں وبا غیر ممالک سے آنے والوں سے لگی،ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی کورونا سے نمٹنے کےلئے کارکردگی اچھی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام اپنے بچوں کو پارک اور ریسٹورنٹ میں لے جارہے ہیں۔جب تک شہری ذمہ داری کامظاہرہ نہیں کریں گے کورونا وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔چین نے کورونا وائرس پر اس لئے قابوپایا کیوں کہ چین کے عوام نے ساتھ دیا ۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار ہوچکی ہے ۔ترقی یافتہ ممالک بھی بے بس نظر آتے ہیں ،میڈیا کی بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستان میں عوام کورونا کوسنجیدگی سے نہیں لے رہے جس پر تشویش ہے ۔عوام سے گزارش ہے کہ غیرضروری طور پرگھر سے باہر نہ نکلیں ۔ رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 230سے تجاوز کرگئی ہے ۔حکومت کے لئے وہ لوگ پریشانی کا باعث ہیں جو کورونا سے متاثر ہیں لیکن ہمیں ان کا علم نہیں ہے ۔