پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لندن سے اسلام آباد واپس آنے کے لیے روانہ ہوگئے۔
روانگی سے قبل اپنے ایک پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ وہ کورونا سے لڑنے آرہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی مدد سے اسی طرح کورونا سے لڑائی کریں گے جیسے ڈینگی کے خلاف کی تھی۔
شہباز شریف نے حکومت سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ بھی کردیا۔
نواز شریف نے گلے لگا کر اور والدہ نے دعاؤں کے ساتھ شہباز شریف کو رخصت کیا۔
شہبازشریف پی آئی اے کی پرواز سے آج رات اسلام آباد پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لیے لندن لے کر گئے تھے۔
اس حوالے سے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کچھ روز بعد نواز شریف کا آپریشن ہونا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ نواز شریف کی ہی ہدایت پر ملک واپس آرہے ہیں۔