پشاور(نمائندہ جنگ)جمعیتِ علمائے اسلام نے ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت کو غیر مشروط طور پر اپنی خدمات پیش کردی ہیں،مولانا فضل الرحمان نےجمعیت کے رضاء کاروں پر مشتمل اینٹی کرونا سیل قائم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر سے انصار الاسلام کے 40 ہزار رضاکار کرونا وائرس کے خلاف امدادی ٹیموں میں کام کرنے کے لیئے پیش کریں گے یہ وائرس خاتمہ تک بلامعاوضہ کام کریں گے۔جے یو آئی ترجمان کے مطابق الانصار اینٹی کرونا وائرس سیل مرکزی سالار انجنیئر عبد الرزاق عابد لاکھو کی نگرانی میں کام کرے گا،سندھ سے حافظ سراج احمد چنہ، خیبرپختونخواسے مولانا عزیز احمد اشرفی،بلوچستان سے حاجی دین محمد، پنجاب سے مولانا حسن معاویہ اور گلگت سے مولانا دلدار عزیزی کوسیل کےممبرنامزد کیا گیا ہے،اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں خیبرپختونخواہ سے 15 ہزار، سندھ سے 10 ہزار، بلوچستان سے 10 ہزار، پنجاب سے 3ہزار اور گلگت سے 2 ہزار رضاکاروں کی کھیپ تیار ہے،سالار اپنےصوبائی امراء اور نظماء کی توسط سے صوبائی حکومتوں سے رابطہ میں آئیں،ضلعی سالار اپنی ضلعی ذمہ داران کے توسط سے متعلقہ ضلعی افسران سے ملاقات کرکے رضاکاروں کی خدمات کی پیشکش کریں،انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے مکمل خاتمے تک رضاکار بلا تفریق پوری انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت بلامعاوضہ کام کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انصار الاسلام کے رضاکار ماسک، سینیٹائزر، دستانے اور تسبیح کے علاؤہ راشن وغیرہ بھی مستحقین کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے ،رضاکار عوام کو خوف جیسے ماحول سے نکالنے کے لئے "صاف رہو خوش رہو" مہم میں گلاب کے پھولوں کی تقسیم جاری رکھی گے۔