کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ میں لاک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے جو کہ آج سے 15 روز تک جاری رہے گا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ملک گیر لاک ڈاؤن سے انکار کردیا ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہوگیا، سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے فوج سے مدد مانگ لی جبکہ بلوچستان حکومت کا دِیہاڑی دار مزدوروں کو ماہانہ 15 ہزار روپے تک امداد دینے کا اہم اعلان سامنے آیا ہے۔
ادھر وفاق اور سندھ کے درمیان لاک ڈاؤن کے معاملے پر اختلافات سامنے آگئے، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں ملک میں لاک ڈاؤن کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن ہوا تو دیہاڑی دار مزدور کہاں جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبے میں آج رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں، جسے ’’کئیر فار یو‘‘ کا نام دے دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضرورت کے سوا شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 777 ہو گئی ہے جبکہ 5 افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں ان کی تعداد 333 تک پہنچ گئی ہے۔