کراچی (اسد ابن حسن) سندھ ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور ملازمین کے لیے کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے تناظر میں کچھ رہنما اصول اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اتوار کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
پرنسپل سیٹوں پر متعین تمام کیسوں کو ڈسچارج کردیا گیا سوائے ان کیسوں کے جو ضمانتوں سے متعلق ہیں اور فوری سماعت کے متقاضی ہیں۔ وہ تمام کیس ماسوائے ضمانت کے کیسوں کے کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی عدالتوں میں سنوائی کے لیے مقرر تھے، وہ 24 مارچ سے تاحکم ثانی ملتوی کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں نوٹیفکیشن کے مطابق تمام عدالتوں میں زیر التوا دیوانی مقدمات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں، تاہم متعلقہ بینچ کو کسی ضروری معاملے کی سنوائی کا اختیار ہوگا۔
ہائی کورٹ کے وہ تمام ملازمین جن کی عمر 50 برس سے زائد ہے وہ کورٹ آنے سے مستثنیٰ ہونگے اور وہ گھر سے معاونت کریں گے۔