برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے دنیا بھر میں مختلف جنگوں کو روکنے کی اپیل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ بات برسلز میں خارجہ وسیکورٹی امور کے ترجمان پیٹر ستانو نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی جانے والی پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ یورپین یونین اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی اس اپیل کی بھرپور حمایت کرتی ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں پیدا ہونے والی صورتحال کامقابلہ کرنے کیلئے مختلف علاقوں میں جاری جنگیں روک دی جائیں ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یہ اپیل پیر کے روز کی تھی ۔ ترجمان نے کہا کہ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے گذشتہ روز اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جیر پیڈرسن سے فون پر گفتگو کی تھی جس میں شام میں جنگ بندی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسی طرح یورپی یونین کورونا وائرس سے قبل ہی لیبیا میں جنگ بندی کیلئے کوششیں کرتی رہی ہے۔ ترجمان نے زور دےکر کہا کہ اس وقت آپس میں لڑنے کی بجائے اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم کورونا اور اس سے پیدا ہونے والے اثرات سے بچنے کی لڑائی لڑیں ۔