• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروبار کھولا گیا تو لاکھوں افراد کورونا سے مر جائینگے، ڈائریکٹر جانز ہاپکنز

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکہ کی بہترین جامعات میں شمار ہونے والی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہر طب نے خبر دار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کاروبار کھولنے کی تجویز پر عمل کیا گیا تو بہت نقصان ہو سکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یونیورسٹی میں ہیلتھ سیکورٹی کے شعبے کے ڈائریکٹر ٹام انگلزبی نے صدر ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی طور پر فاصلہ رکھنے کی پالیسی کو مزید چند روز کیلئے برقرار رکھنے پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاروبار کھولا گیا اور سوشل ڈسٹنس کی پالیسی ختم ہوئی تو کورونا وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے اور حالات تیزی سے خطرناک ہو جائیں گے، نتیجتاً نہ صرف لاکھوں لوگوں کی اموات کی صورت میں جانی نقصان ہوگا بلکہ ملک بھر پر منفی معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر کیے جانے والے اقدامات واپس لینے کی صورت میں غیر معمولی تعداد میں لوگ کورونا وائرس سے بیمار ہوں گے اور متاثرین اسپتالوں پر پل پڑیں گے۔ وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر ٹام انگلزبیکا کہنا تھا کہ متاثرین کی تعداد بڑھی تو ہیلتھ کیئر کا نظام منہدم یا مفلوج ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین