• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وارداتیں، شہری گاڑیوں، موٹرسائیکلوں، زیورات، موبائل، نقدی سے محروم

راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی ، چوری اورنقب زنی کی وارداتوں میں شہری 6گاڑیوں 3موٹرسائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونزاورنقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ۔ تھانہ گنج منڈی کو تنویر احمد نے بتایا کہ پنجاب پولیس میں ملازمت کرتا ہوں شام کو گلی سے پانی بھرنے آیا جہاں ایک نامعلوم شخص میرے ساتھ ٹکرایا، توں تکرار کی اوراس دوران میری جیب سے موبائل نکال لیا۔ تھانہ نیوٹاؤن کو ڈاکٹر محمد رضوان نے بتایاکہ ہولی فیملی ہسپتال جا رہا تھا جہاں ہسپتال کے گیٹ پر دو نامعلوم افراد اسلحہ کی نوک پر مجھ سے2ہزار روپےاور موبائل چھین کر فرارہوگئے ۔ تھانہ نیوٹاؤن کو سلیم مسیح نے بتایا کہ میرا بھانجا نعیم مسیح ڈیوٹی پرجا رہا تھا کہ اچانک 2 موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر اس سے 9ہزار اور 2موبائل چھین کر فرارہوگئے ۔ تھانہ نیوٹاؤن کو آصف علی نے بتایاکہ جاوید نامی ورکر 93ہزار 500روپے ، 2 موبائل فون ،موبائل ٹیب اور موٹرسائیکل جس کے آدھے پیسے جاویدنےدیئے تھے چوری کر کے لے گیا ۔تھانہ صادق آبادکوعامر شہزاد نے بتایا کہ اس کی شادی نادیہ صادق سے ہوئی جسے لڑائی جھگڑے کے باعث گھر سے نکالا ہوا ہے۔ صبح بچوں کو ناشتہ کراکے میں آفس ڈیوٹی پر چلا گیا۔ یہ عورت چھت سے گھر میں داخل ہو ئی اور گھر سے موبائل اور قیمتی کاغذات چوری کر کے لے گئی ۔تھانہ صادق آبادکو ابرار حسین نے بتایا کہ میری سالی کمال جان اپنی فیملی کے ہمراہ پاراچنار گئی ہوئی تھی اس دوران پلازہ کے مالک نےمیری سالی کو اطلاع کی کہ اس کے فلیٹ کے تالے ٹوٹے ہوئے ہیں پڑتال کی تو الماری میں سے 2 چین ،بالیوں کاایک سیٹ اور ایک ہار طلائی وزنی ساڑھے چھ تولے جبکہ 6ہزار قطری ریال ، 3لاکھ پاکستانی روپے غائب تھے جو کوئی نامعلوم چور چوری کر کے لے گیا ۔ تھانہ صادق آبادکو گلاب خان نے بتایا کہ گھر کے سامنے موجود تھا کہ رکشے پر 3ملزم آئے اور اسلحہ کی نوک پر میری جیب سے 32ہزارروپے اور 2 موبائل چھین کر فرار ہوگئے ۔تھانہ نصیرآبادکو بوٹامسیح نے بتایا کہ میں گاڑی کے انتظار میں کھڑا تھا کہ اتنے میں کالے رنگ کی کار آئی جس میں3افراد سوار تھے جنہوں نے مجھ سے 26نمبر چوک کا راستہ پوچھامیں نے بتلایاتو انہوں نے مجھے بھی ساتھ بیٹھالیااورمجھے دبوچ لیا اور میرے منہ پر ٹوپی چڑھا دی اور میری جیب سے پرس نکال لیا جس میں 5ہزارروپے تھے میرے اے ٹی ایم سے 50 ہزارروپے نکال لیے اور میرے پاس موجود سامان میں سے ایک استری بھی لے لی اورمجھے گولڑہ موڑ سے تھوڑا آ گے گاڑی سے اتار کر چلے گئے۔تھانہ نصیرآبادکو ارسلان نے بتایا کہ میں اپنے گھر کے باہر گلی میں فون استعمال کررہاتھاکہ2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار مجھ سے اسلحہ کی نوک پرمیرے2موبائل چھین کر فرارہوگئے۔تھانہ آراے بازارکومحمدعثمان اشرف نے بتایا کہ چور میرے گھر کے تالے توڑ کر طلائی زیورات اور2لاکھ روپے چوری کرکے لے گئے۔تھانہ سول لائن کو پرویزعزیزنے بتایا کہ چور میری ہمشیرہ کے گھرکا گیٹ پھلانگ کر گھر سے 2لیپ ٹاپ،موبائل،500روپے چوری کرکے لے گئے۔تھانہ سول لائن کو محمد وقاص نے بتایا کہ میں گھر کی طرف جارہاتھاکہ4 موٹرسائیکل سوار مجھ سے زبردستی میراپرس چھین کرلے گئے ، جس میں 24ہزارروپے ودیگرکارڈزتھے۔تھانہ سول لائن کو محمد ایوب نے بتایا کہ میں اپنی کار نمبر اے ایف ایس-839 میں جارہاتھاکہ 2 افراد نے مجھ سے لفٹ لی اور اترکر اسلحہ کی نوک پر مجھ سے میری گاڑی چھین کر فرارہوگئے۔تھانہ ائرپورٹ کو محمد وسیم شہزادنے بتایا کہ چور میرے گھر کے تالے توڑ کر طلائی زیورات ،پرائز بانڈ مالیتی 3لاکھ 5ہزار روپے ،73ہزار روپے،ڈیجیٹل کیمرہ،ایل ای ڈی ،موبائل ،سی سی ٹی وی کیمرے ودیگر گھریلو سامان مالیتی ایک لاکھ روپے زنانہ سلے ہوئے کپڑے ڈنر سیٹ کل مالیتی17لاکھ روپے چوری کرکے لے گئے۔تھانہ صدرواہ کو محمد خالد نے بتایاکہ چورمیری دکان سے میرے کزن محمد اسدخالق کا موبائل چوری کرکے لے گئے۔تھانہ گوجرخان کو محمد وسیم نے بتایا میری بہن عائشہ صدف کی عدم موجودگی میں چور ان کے گھرکے مین گیٹ کا تالہ توڑکر ایل سی ڈی ،ٹیبلٹ ، یوپی ایس ،لاکٹ چوڑیاں ، مالا ، 4انگوٹھیاں کل وزنی 8تو لے اور 10ہزار روپے چوری کرکے لے گئے۔تھانہ روات کو محمد افضل نے بتایا کہ چور میری دوبکریاں اور تین بکرے مالیتی تقریباً80ہزار چوری کرکے لے گئے۔ دریں اثناء تھانہ کھنہ کے علاقے اشرف ٹائون سے عاصم علی کے گھر سے نامعلوم افراد نے نقدی، پرائز بانڈ، کمبل، ایل ای ڈی، مصنوعی زیورات اور برتن مالیت 8لاکھ روپے چوری کر لئے۔ آبپارہ پولیس نے شفقت شفیق کی رپورٹ پر اظہر جیلانی سمیت 3افراد کیخلاف 50لاکھ روپے چیک ڈس آنر کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔
تازہ ترین