مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں مذہبی جماعتوں کے وفد نے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں تحفظ نسواں بل پر مشترکہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سےملاقات کرنے والے علماء میں علامہ ساجد میر، مولانا اسد اللہ بھٹو، مولانا محفوظ مشہدی، مولانا امجد خان، مولانا فضل الرحیم اورمولانا راغب حسین نعیمی شامل تھے۔
وزیر مملکت برائےمذہبی امور پیرامین الحسنات اوروزیرِقانون پنجاب رانا ثناء اللہ بھی اس موقع پرموجودتھے،ملاقات میں طےپایاکہ علماء کرام اور حکومتی نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی بل کا تفصیلی جائزہ لےکر ضروری اصلاح تجویز کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کااس موقع پرکہناتھاکہ قرآن و سنت کے برعکس قانون سازی کا تصور بھی نہیں کرسکتے،ہر مذہب اور اخلاقی نظام میں خواتین پر تشددقابل تعزیر ہے،خواتین پر تشدد معاشرتی حقیقت ہے،جس سے انکارممکن نہیں،علماء کرام کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی۔