• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں لاک ڈاؤن کا چوتھا ، پنجاب میں تیسرا دن


کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سندھ میں لاک ڈاؤن کا چوتھا اور پنجاب میں تیسرا دن ہے، کاروباری، تجارتی، صنعتی مراکز، سرکاری و نجی دفاتر بند ہیں جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے گشت کر رہے ہیں۔

کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حفاظتی اقدام کے طو ر پر سندھ حکومت کا چوتھے دن بھی لاک ڈاؤن جاری ہے، کراچی میں دودھ اور سبزیوں کی دکانیں کھل چکی ہیں جبکہ مختلف شاہراہوں پر پولیس، رینجرز اور فوج کے ناکے ہیں۔

شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے روکا جا رہا ہے ، لاک ڈاون کو سنجیدہ نہ لینے والے کئی شہری سڑکوں پر موجود جس کے سبب ناکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

سیکیورٹی اداروں کی جانب سے گھروں سے نکلنے والے شہریوں کا شناختی کارڈ چیک کیا جارہا ہے اور انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔

صوبے کے دیگر شہروں حیدر آباد، نواب شاہ، میرپورخاص، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد سے کشمور تک لوگ گھروں میں محدود ہیں،ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو الہ یار، سانگھڑ، تھرپارکر، عمرکوٹ، نوشہروفیروز ، گھوٹکی سمیت چھوٹے بڑے شہروں اور گوٹھ و دیہات میں کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں۔

ان علاقوں میں عوام کی اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی ہیں اور لوگ ضرورت زندگی کی اشیاء کی خریدوفروخت کررہے ہیں جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے گشت کررہے ہیں۔

دوسری جانب حکومت پنجاب کے اعلان پر تیسرے روز بھی صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، سیالکوٹ میں صنعتی مراکز، کاروباری و تجارتی مراکز، شاپنگ مالز بند ہیں تاہم میڈیکل اسٹور، کریانہ اسٹور، دودھ دہی اور سبزی فروش اور پھل فروش کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کے دوران سرگودھا، بھکر، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، خانیوال، وہاڑی، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، جھنگ، شور کوٹ میں لوگ گھروں محدود ہیں ، ٹریفک معطل اور سڑکیں سنسان ہیں۔

شہروں کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے ہیں اور پولیس ، رینجر و قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری ہے۔

تازہ ترین