• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں کورونا کا چیک کرنے کے لیے دی گئیں گاڑیوں سے مزید وائرس پھیلنے کا خطرہ

لاہور میں کورونا کا چیک کرنے کے لیے دی گئیں گاڑیوں سے مزید وائرس پھیلنے کا خطرہ 


لاہور میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کو چیک کرنے کے لیے 9 موبائل یونٹس قائم کردیئے گئے، موبائل یونٹس 9 ٹاؤنز میں مشتبہ مریضوں کو دیکھیں گے۔

دوسری جانب ان گاڑیوں کی حالت ایسی ہے کہ ان سے مزید کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔

لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کو موقع پر چیک کرنے کے لیے نو موبائل یونٹس قائم کیے ہیں۔

یہ موبائل یونٹس نو ٹاؤنز میں مشتبہ مریضوں کو دیکھیں گے۔

محکمہ منصوبہ بندی کی گاڑیاں ان موبائل یونٹس کے لیے تیار کی گئی ہیں۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے حکم پر یہ گاڑیاں، ڈاکٹرز اور نرسز پر مشتمل اسٹاف کے ہمراہ فوری طور پر فیلڈ میں روانہ کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ اسٹاف کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو فیلڈ میں بھیجنے سے پہلے پوری طرح تیار نہیں کیا گیا۔

 طبی عملے کا کہنا ہے کہ ان کے شیشے ٹوٹے ہوئے، اور مریضوں کے بیڈ اور سِنک گندے ہیں، ڈیزل بہہ رہا ہے، مریض کے بیڈ اور ڈاکٹر کا درمیانی فاصلہ بھی انتہائی کم ہے جبکہ جلد بازی میں گاڑیوں سے ٹائر اور ٹوٹی ہوئی بیلٹس بھی نہیں نکالی گئیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل صفدر ورک کہتے ہیں کہ ہر تحصیل میں دو گاڑیاں پٹرولنگ کریں گی۔

متعلقہ اسٹاف اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ کورونا موبائل یونٹس کو فیلڈ میں بھیجنے سے پہلےجراثیم  سے  پاک اور  پوری طرح تیار کیا جائے تاکہ کہیں یہ خود کورونا کے پھیلاؤ کا سبب نہ بن جائیں۔

تازہ ترین