• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا مساجد کھلی رکھنے، نمازِ جمعہ کے اجتماعات محدود کرنے کا فیصلہ

حکومت کا مساجد کھلی رکھنے، نمازِ جمعہ کے اجتماعات محدود کرنے کا فیصلہ


حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مساجد کھلی رکھنے جبکہ باجماعت نماز اور نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ مساجد کھلی رہیں گی، اذان بھی ہوگی، جمعہ کا خطبہ مختصر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ علماء کرام نے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کا اختیار صدرِ مملکت کو دے دیا ہے۔

نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ مشاورت سے فیصلہ ہوا ہے کہ نماز جمعہ کو محدود کیا جائے گا، باجماعت نماز میں مسجد کی انتظامیہ اور محدود تعداد میں نمازی مسجد آئیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام مسالک کے علماء کے فتوؤں کی روشنی میں فیصلے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے دیگر اسلامی ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں نماز جمعہ اور مساجد کو بند کیا گیا ہے جبکہ بغداد ، کربلا اور دیگر ممالک میں مختلف مزارات بھی بند کیے گئے ہیں۔

 نورالحق قادری نے کہا کہ دین سکھاتا ہے کہ مسجد سے زیادہ ایک ساجد اور نماز سے زیادہ ایک نمازی کی اہمیت ہے۔

حج معاہدے روکنے سے متعلق سعودی حکام کے خط سے متعلق بات کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ سعودی وزراتِ حج کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ 

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حتمی اقدامات کی طرف تب تک نہ جائیں جب تک گرین سگنل نہ ملے۔

انہوں نے بتایا کہ حج سے متعلق شاہ سلمان اسلامی ممالک کے ساتھ مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔

تازہ ترین