• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خان صاحب عوام کی مشکل کو سمجھیں اور سیاست بعد میں کریں، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب حالات کی سنگینی، شدت اور سنجیدگی کو سمجھیں، عوام جس مشکل میں ہے اُس کو سمجھیں اور سیاست بعد میں کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب سرحدوں پر کورونا کی اسکریننگ کا بندوبست کر نہیں سکے اور سیاست پر زور ہے، تفتان سرحد پر زائرین کے ساتھ جو بھیڑ، بکریوں والا سلوک ہوا اس کا جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی بدترین ناکامیوں کا ملبہ نوازشریف اور شہبازشریف پر ڈالنے سے کام نہیں چلے گا، جبکہ عمران صاحب نوازشریف اور شہبازشریف کے بنائے اسپتالوں اور منصوبوں پر آپ اپنےنام کی تختیاں لگا رہےہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نوازشریف، شہبازشریف کے ہر ضلع اور شہر میں بنائے اسپتال آپ سےمینج نہیں ہورہے اور جب تک آپ کے دماغ سے سیاسی انتقام کا وائرس نہیں نکلے گا آپ کوروناوائرس کا مقابلہ کیسے کریں گے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ قوم کورونا، کورونا کررہی ہے، آپ کا رونا ہی ختم نہیں ہورہا، عمران صاحب بتائیں خیبرپختونخوا میں سات سال میں کتنے اسپتال بنائے؟

مریم اورنگزیب نےکہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے الحمداللّٰہ بالخصوص پنجاب کے ہر ضلع، شہر میں اسپتال بنائے ہیں جبکہ خان صاحب پارلیمانی میٹنگ سے اس دن نہ بھاگتے اور پوچھ لیتے کہ کتنے اسپتال بنائے، تو آپ کو جواب مل جاتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب یہ قوم کی جان بچانے کا وقت ہے، سیاست کا نہیں۔

تازہ ترین