کراچی (جنگ نیوز) پوری دنیا میں کورونا کے سبب لوگ گھروں میں قید ہیں، ایسے میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات خود کو کس کس طرح مصروف رکھ رہی ہیں ، یہ باتیں ان کے پرستاروں کیلئے دلچسپی کا سامان لیے ہوئے ہے۔ کینیڈا کی ٹینس اسٹار یوجین بوشارڈ نے سماجی ویب سائٹ پر آئسولیشن کے 11ویں دن کی روداد بیان کی ہے، وہ لکھتی ہیں کہ فارغ وقت میں میں نے کپڑے دھونے اور انہیں تہہ کرکے ترتیب دینے میں گزارا۔ انہوں نے ساتھ ہی کچن میں اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے۔ سابق عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی ماریہ شراپوا نے اپنے فینز کے ساتھ بات چیت میں وقت گزارا۔ اس دوران انہوں نے ان کے ساتھ دلچسپ واقعات شیئر کیے اور لکھا کہ میں آج بہت زیادہ ہنسی ہوں۔ امریکا کی کوکو گاف نے لکھا کہ آج کے دن میں 15ویں مرتبہ اپنا ریفریجریٹر دیکھ رہی ہوں، کیا معلوم اس میں کچھ کھانے کا مل جائے۔ امریکا ہی کی میڈیسن کیز نے لکھا کہ میں نے اپنا گیراج تک صاف کرلیا ہے۔